”مجھے ویرات کوہلی جیسا نہیں بلکہ بابراعظم جیسا کہا جائے تو بہت خوشی ہو گی کیونکہ۔۔۔“ نوجوان بلے باز حیدر علی نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے

”مجھے ویرات کوہلی جیسا نہیں بلکہ بابراعظم جیسا کہا جائے تو بہت خوشی ہو گی ...
”مجھے ویرات کوہلی جیسا نہیں بلکہ بابراعظم جیسا کہا جائے تو بہت خوشی ہو گی کیونکہ۔۔۔“ نوجوان بلے باز حیدر علی نے پاکستانیوں کے دل جیت لئے

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے پاکستان کے ابھرتے ہوئے مایہ ناز نوجوان بلے باز حیدر علی کا کہنا ہے کہ میں خود کو ویرات کوہلی جیسا کہلوانے کی بجائے بابراعظم جیسا کہلوانا پسند کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق حیدر علی نے پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کی اور اپنی عمدہ بیٹنگ کی بدولت سب کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے جس کے بعد انہیں بھی مستقبل کا بابراعظم یا ویرات کوہلی کہا جانے لگا ہے تاہم حیدر علی کا کہنا ہے کہ لوگ مجھے بابراعظم جیسا کہیں گے تو زیادہ خوشی ہو گی کیونکہ ان کے پاس زیادہ بہتر اور خوبصورت شاٹس ہیں۔

انہوں نے کہا ”ایک بلے باز کبھی بھی اپنے رول ماڈل جیسا نہیں بن سکتا مگر خود کو بہتر کرتے ہوئے ایسی شاٹس کھیلنے کے قابل ہو سکتا ہے جو اس کا رول ماڈل کھیلتا ہو۔ میں بھی خود کو اس حد تک بہتر کرنا چاہتا ہوں کہ لوگ مجھے ویرات کوہلی نہیں بلکہ بابراعظم جیسا کہیں کیونکہ بابراعظم کے پاس بہت اچھی شاٹس ہیں۔“

ان کا کہنا تھا ”میں کوہلی نہیں بن سکتا لیکن پریکٹس کے ذریعے ان جیسی شاٹس کھیلنا سیکھ سکتا ہوں، میں حیدر علی ہوں اس لئے صرف حیدر علی ہی بن سکتا ہوں۔ میں فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے دوران بابراعظم سے ملا تو انہوں نے مجھے بیٹنگ کے حوالے سے بہت ساری ٹپس دیں جبکہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں بھی ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ پی ایس ایل کے دوران بھی انہوں نے میرے اعتماد میں اضافہ کیا اور نصیحت کی کہ سکور بناتے رہو اور باقی اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دو۔“

مزید : کھیل /PSL /PSL News Update