کورونا وائرس کا خطرہ،الیکشن کمیشن نے اپنے ملازمین کے لئے اہم ترین ہدایات جاری کر دیں
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن نے کورونا وائرس کے پیش نظر 50 فیصد ملازمین کو 6 اپریل تک اپنے گھروں میں رہنے کی ہدایت کردی جبکہ50 فیصد ملازمین کو 6 اپریل تک سرکاری امور کے لیئے دفتر آنا ہو گا،بخار، نزلہ، زکام، کھانسی یا دیگر شدید بیماری میں مبتلا ملازمین کو دفتر آنے سے استثنیٰ حاصل ہو گا جبکہ الیکشن کمیشن کے جینڈر، پروٹوکل، ٹریننگ ونگز 6اپریل تک بند رہیں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملک میں پھیلتی ہوئی کرونا وائرس کی وباء کے پیش نظر چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ، صوبائی الیکشن کمشنرز، ریجنل اور ضلعی الیکشن کمشنرز کے دفاتر میں سرکاری امور کی انجام دہی کے حوالے سے مختلف اقدامات کا حکم دیا ہے جن کے مطابق دفتری اوقات کار کا دورانیہ صبح 10 بجے سے دن 2 بجے تک ہو گا،الیکشن کمیشن میں تعینات تمام خواتین 6 اپریل تک دفتر حاضری سے مستثنی ہوں گی،الیکشن کمیشن کے جینڈر، پروٹوکل، ٹریننگ ونگز 6اپریل تک بند رہیں گے، وہ تمام ملازمین جو بخار، نزلہ، زکام، کھانسی یا دیگر شدید بیماری میں مبتلا ہوں ان کو دفتر آنے سے استثنیٰ حاصل ہو گا، الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ کے 50 فیصد ملازمین کو25 مارچ سے 6 اپریل تک سرکاری امور کے لیئے دفتر آنا ہو گا جبکہ 50 فیصد ملازمین 6 اپریل تک اپنے گھروں میں رہیں گے اور کرونا وائرس سے بچاؤ کی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا ہوں گے۔