”اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور بچوں سے دوبارہ واقفیت بنا کر انہیں بتائیں کہ میں آپ کا ابو ہوں“
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے ہر دلعزیز ورسٹائل اداکار سہیل احمد نے انتہائی دلچسپ انداز میں لوگوں کو گھروں میں رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی انہوں نے حکومت سے علماءکرام کے ذریعے مذہبی اجتماعات کے حوالے سے فیصلہ لینے کا مشورہ بھی دیا۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سہیل احمد نے کہا کہ یہ تو نہیں کہنا چاہئے کہ یہ بڑا اچھا موقع ہے لیکن اس سے فائدہ اٹھائیں اور گھر پر رہیں، بچوں سے دوبارہ واقفیت بنائیں اور انہیں بتائیں کہ میں آپ کا ابو ہوں، بیگم کو وقت دیں اور اگر زیادہ مسئلہ ہے تو بیوٹی پارلرز کے لوگوں کو گلیوں میں تعینات کر دیا جائے تاکہ خاوند زیادہ سے زیادہ گھر پر وقت گزاریں، یعنی بیویوں کی میک اپ کے ذریعے ایسا بنا لیں کہ آپ کا گھر رہنے پر دل کرے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنا اور بچوں کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا ہے جو الحمد اللہ منفی آیا ہے، ہمیں اس سے ڈرنا نہیں بلکہ لڑنا ہے اور ایک طریقہ کار ہے جس پر عمل کریں، اگر مذہبی حوالے سے بات کی جائے تو اس میں کون سی راکٹ سائنس ہے، مولانا تقی عثمانی بہت محترم ہیں، مولانا طارق جمیل صاحب ہیں، آپ چند بڑے بڑے علماءکو وزیراعظم ہاﺅس بلائیں اور کابینہ کے افراد کو باہر بھیج کر صرف علماءکو بٹھا کر انہیں تمام صورتحال سے آگاہ کر کے فوری طور پر فیصلہ کر لیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گھر میں بیٹھنے کیلئے اور بھی بہت سے طریقہ کار ہیں، اگر انٹرنیٹ مفت کر دیا جائے تو اس سے بھی بڑی سہولت ملے گی، اگر کسی کو بچے منہ نہیں لگا رہے یا بیگم کہہ رہی ہے کہ اب کتنی دیر تک اپنا منہ دکھائیں گے تو چلیں انٹرنیٹ پر ہی کچھ دیکھ لیا جائے گا۔