باچا خان کا عدم تشدد کا فلسفہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے: ڈاکٹر مزمل شاہ
ریاض (وقار نسیم وامق) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سعودی عرب کے زیر اہتمام ایک آ ن لائن سیاسی مکالمے کا انعقاد ہوا جس کی صدارت اے این پی سعودی عرب کے صدر ڈاکٹر مزمل شاہ صاحب نے کی جبکہ اعزازی مہمانان خالد اکرم رانا، خالد رانا ،احسن عباسی تھے ، پیپلز پارٹی ریاض کے سیکرٹری جنرل رانا عدیل نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دئیے۔
نیشنل پارٹی سعودی عرب کے آ رگنائزر حفیظ بلوچ نے سیاسی مکالمے کا آ غاز کرتے ہوئے کہا کہ اٹھارویں ترمیم پاکستان کے جمہوری قوتوں کی فتح اور مضبوط فیڈریشن کی طرف ایک اہم قدم ہے مگر یہ ناکافی ہے ملک میں حقیقی وفاقی پارلیمانی جمہوری نظام کیلئے لازم ہے کہ تمام وفاقی اکائیوں کے وسائل پر ان کی حق حاکمیت کو تسلیم کیا جائے جس کیلئے ایک نئے سوشل کنٹریکٹ کی ضرورت ہے ایک متوازن اور معتدل معاشرے کی تشکیل کیلئے ضروری ہے کہ موجودہ معاشی ڈھانچے میں اصلاحات کی جائیں۔
سیاسی مکالمے میں نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر ایوب ملک ،سعد بلوچ، ڈاکٹر رؤف قیصرانی ،یاسر الطاف رانا ایڈوکیٹ ،زوہیب بٹ، رانا عدیل، کلدیپ سنگھ، ملک قمر اعوان ،طارق افغان ایڈوکیٹ نے سیاسی مکالمے میں بھر پور حصہ لیا اور اپنے خیالات کا اظہار کیا، مسلم لیگ ن ریاض کے صدر خالد رانا نے سیاسی مکالمے میں شریک یوتھ کے خیالات کو سراہا اور حوصلہ افزائی کی ۔
پیپلز پارٹی مڈل ایسٹ کے جنرل سیکرٹری رانا خالد نے کہا کہ نصاب میں بنیادی تبدیلی، غربت کے خاتمے ،جمہوری رویوں کافروغ، صحت کے نظام میں بہتری اور غریب و متوسط طبقے کی اٹھان کیلئے سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔عوامی نیشنل پارٹی سعودی عرب کے صدر ڈاکٹر مزمل شاہ نے اپنے صدارتی کلمات میں تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایک اعتدال پسند سماج کیلئے ضروری ہے کہ عدم تشدد کے فلسفے کو فروغ دیا جائے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتیں اپنے منزل کا تعین کر چکی ہیں آئین کی سربلندی ،پارلیمنٹ کی بالادستی ،انسانی حقوق کی پاسداری ،عدلیہ اور میڈیا کی آزادی تک پر امن سیاسی جدوجہد جاری رہیگی۔سیاسی مکالمے میں نیشنل پارٹی سعودی عرب کے راہنماؤں ساجد محمود صاحب،جعفر بزدار،منیر قیصرانی،انجنیر اسد خان،سید عتیق ،امارات کے سینئر راہنما کامریڈ اسماعیل بلوچ ،خیبر پختونخواہ سے کامریڈ قیصر ،پنجاب سے جمیل صاحب کے علاؤہ مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی سعودی عرب کے عہدیداروں نے بھر پور شرکت کی.