سگ گزیدگی کا شکار شخص دوران علاج لاہور کے ایک ہسپتال میں چل بسا
گھوٹکی (آئی این پی ) صوبہ سندھ کی تحصیل ڈہرکی میں پانچ روز قبل کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والا شخص لاہور کے ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
باہو کانجوں میں آوارہ کتوں نے حملہ کر کے اس شخص کو نوچ کر زخمی کردیا تھا۔ زخمی شخص کو طبی امداد کے لئے میرپور ماتھیلو ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اینٹی ریبز ویکسین میسر نہ ہونے کے باعث زخمی شخص کی حالت مزید خراب ہونے پر لاہور کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ غم سے نڈھال متاثرہ اہل خانہ جاں بحق شخص کی لاش لیکر ڈہرکی پہنچے، جہاں ورثا نے ڈہرکی تھانے کے سامنے میت رکھ کر احتجاج کیا اور ذمے دار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔