پنجاب میں انتخابات ملتوی کرنے کا اقدام , مسرت جمشید چیمہ نے وکلاء سے کیا مطالبہ کر دیا ؟ جانیے

لاہور ( نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے وکلاء سے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب میں انتخابات ملتوی کرنے کا اقدام عمران خان کے ماضی میں دئیے گئے بیانات کی واضح توثیق ہیں کہ ملک آئین و قانون کے بغیر چل رہا ہے ، امید ہے کہ عدلیہ اس کا سختی سے نوٹس لے گی اور ملک بھر کے وکلاءاس آئین شکنی کے خلاف اپنی بھرپور تحریک چلائیں گے۔
اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پی ڈی ایم ٹولے نے کٹھ پتلی تماشہ لگا رکھا ہے اور آہستہ آہستہ سارے کردار واضح ہو رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے اعلان کے بعد نگران حکومت کی کوئی حیثیت نہیں اور اب یہ غیر آئینی اور غیر قانونی حکومت ہے ، اس وقت ملک میں شدید آئینی بحران پیدا ہو گیا ہے اور یہ پہلے سے سیاسی اور معاشی طور پر لرزتے ہوئے پاکستان کیلئے مزید مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے پی ڈی ایم ٹولہ ہوش کے ناخن لے اور قومی اسمبلی اور باقی دو اسمبلیوں کو بھی تحلیل کر کے ملک میں بیک وقت عا م انتخابات کا اعلان کیا جائے تاکہ ملک کوسیاسی استحکام میسر آئے جس سے معاشی استحکام بھی آئے گا۔ اس وقت ساری قوم کی نظر یں عدلیہ اور وکلاءتنظیموں پر لگی ہوئی ہیں۔