جنرل(ر) باجوہ کی ایوان صدر میں عمران خان سے ملاقات کی اندر کی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)صحافی شاہد میتلاکی سابق آرمی چیف جنرل(ر) قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے دوران ہونے والی گفتگو پر مبنی کالم کا دوسرا حصہ سامنے آگیا ہے ۔ ویب سائٹ 'پاکستان24، پر شائع ہونے والے کالم میں صحافی نے بہت سے سوالات کیے جس پر سابق آرمی چیف نے جوابات دئیے ۔
شاہد میتلا کے کالم کے مطابق سابق آرمی چیف جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ نے بتا یاجنرل فیض پھر میرے پاس آئے اور کہا کہ عمران خان سے ایک دفعہ مل لیں۔میں نے جنرل فیض کو کہا اچھاانہیں کہیں میرے گھر آجائیں ۔جنرل فیض نے کہا نہیں آپ ایوان صدر میں مل لیں۔
صدر عارف علوی بھی مجھے بار بار عمران خان سے ملنے کا کہہ رہے تھے۔میں ایوان صدر چلا گیا تو حیر ان رہ گیا کہ عمران خان مجھ سے بہت اچھے طریقے سے ملے جیسے ان کو مجھ سے کوئی شکایت نہیں اور جیسے کوئی غیر معمولی بات نہ ہوئی ہو۔ میر ا خیال تھا کہ وہ گلہ کریں گےلیکن وہ بالکل نارمل تھے۔میں ان کی منافقت پر حیران تھا کیونکہ وہ عوام میں مجھ پر بھرپور تنقید کرتے تھے۔میں نے کہا آپ مجھے میر جعفر اور میر صادق کہتے ہیں ۔عمران خان صاف مکر گیا کہتا میں نواز اور شہباز کو کہتا ہوں ۔پھر کہتا کہ آپ ان کی حکومت گرادیں ،ان کو گھر بھیج دیں اور الیکشن کر وادیں ۔میں نے کہا کہ آپ تو اسمبلی میں ہی نہیں ہیں۔ حکومت2سیٹوں پر کھڑی ہے ۔آپ اسمبلی جائیں پھر آپ کو فائدہ ہوگا ۔تو عمران خان کہنے لگے کہ بس آپ حکومت گرادیں اور الیکشن کروائیں تو میں نے عارف علوی کو اندربلا لیا جو اس سے پہلے باہر بیٹھے تھے اور انہیں کہا کہ انہیں سمجھائیں کہ کیسے حکومت گرا سکتے ہیں اور حکومت ختم ہونے کا انکو کوئی فائدہ نہیں ہوگا جب تک وہ اسمبلی نہیں جاتے ۔پھر عارف علوی نے بھی ان کو سمجھایا ۔ یہ ملاقات بے نتیجہ رہی۔