کوکین کی اینٹوں پر سوتا منشیات فروش گرفتار

برازیلیا (ڈیلی پاکستان آن لائن) برازیل کے ایک منشیات فروش کا ذاتی استعمال کے لیے آسانی سے دستیاب کوکین کا استعمال اس کے لیے اس وقت نقصان دہ ثابت ہو گیا جب پولیس نے اسے کوکین کی اینٹوں سے بنے بستر پر سوتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ پولیس افسران نے مقامی منشیات کے گروہ کا پردہ فاش کرنے کے لیے گوروجا کے ضلع Vicente de Carvalho میں Sitio Conceicaozinha کے پڑوس میں چھاپہ مارا۔ جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو ڈیلر نشہ کی حالت میں کوکین کی اینٹوں پر پڑا ہوا پایا گیا۔ حکام نے کوکین کی 105 اینٹیں قبضے میں لے لیں۔
دی میٹرو نیوز کے مطابق برآمد کی گئی کوکین کا وزن 112.8 کلوگرام ہے۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ یہ خیال کیا جاتا ہے کہ ملزم مقامی طور پر منشیات فروخت کر رہا تھا۔ ملزم، جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے لیکن مبینہ طور پر اس کی عمر 29 سال ہے، کو گرفتار کر لیا گیا۔ افسران نے اس کی الماری کے اندر چھپایا گیا ایک ریڈیو ٹرانسمیٹر بھی دریافت کیا، جو ان کے خیال میں منشیات فروشوں کے ساتھ بات چیت کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔