مقبوضہ کشمیر کے علاقہ پلہالن میں پرامن مظاہرین پر : بھارتی فوجیوں کی پیلٹ بندوق سے اندھا دھند فائرنگ، کم عمر لڑکا شدید زخمی

مقبوضہ کشمیر کے علاقہ پلہالن میں پرامن مظاہرین پر : بھارتی فوجیوں کی پیلٹ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سرینگر (اے پی پی) مقبو ضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکارں کی طرف سے ضلع بارہمولہ کے علاقے پلہالن میں پرامن مظاہرین پر پیلٹ بندوق سے فائرنگ کے نتیجے میں ایک کم عمر طالب علم کا چہرہ شدید بری طرح سے زخمی ہوا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شہدائے حول کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پلہالن میں لوگوں نے شدید احتجاجی مظاہرے کیے ۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے ہائیر سیکنڈری سکول پلہالن کے نزدیک مظاہرین پر پیلٹ بندوقوں سے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دسویں جماعت کا طالب علم حامد بٹ پیلٹ لگنے سے شدید زخمی ہوگیا ۔ حامد مظاہرے کا حصہ نہیں تھا بلکہ وہ ایک نزدیکی گاؤں میں اپنے دوست سے ملنے جا رہا ہے ۔ پیلٹ لگنے سے حامد کے چہرے ، سر اور پیشانی پر شدید زخم آئے ۔زخمی طالب علم کو فوری طور پر سمبل کے ہسپتال لے جایا گیا جہاں سے اسے صورہ ہسپتال سرینگر ریفر کیا گیا ۔حامد کے والد نذیر احمد نے میڈیا کو بتایا کہ بیٹے کا مسخ شدہ چہرہ دیکھ کر سب اہل خانہ انتہائی خوفزہ ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ حامد کی بائیں آنکھ ٹھیک ہے لیکن ہم اسکی دائیں آنکھ کے حوالے سے فکر مند ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے نے جنرل بس اسٹینڈ کے قریب سٹرک بلاک کررکھی تھی جس کی وجہ سے وہ حامد کو پٹن میں واقع قریبی ہسپتال نہ لے جا سکیں۔
جبکہ اسے سمبل ہسپتال لے جاتے ہوئے کافی وقت لگ گیا۔ سرینگر صورہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کے سپرانٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق جان نے کہاکہ لڑکے کے سر اور چہرے پر ایک سے زیادہ چھرے لگے ہیں جبکہ ایک آنکھ بھی سخت متاثر ہوئی ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کی طر ف سے بھارتی پولیس اور فوجیوں کی طرف سے عام لوگوں پر پلٹ گن کے وسیع پیمانے پر استعمال کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ پیلٹ بندوق کے بڑے پیمانے پر استعمال سے اب تک مقبوضہ علاقے میں درجوں افراد کی بینائی متاثر ہوئی ہے۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے 2010کی احتجاجی تحریک کے بعدپیلٹ بندوق کا زیادہ استعمال شروع کر دیا۔ اس احتجاجی تحریک کے دوران 120سے زائد نوجوان شہید کر دیے گئے تھے۔ دریں اثنابھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے سرینگر کے علاقے نوہٹہ میں پر امن مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے۔

مزید :

عالمی منظر -