مصر کے سابق صدر کوسزائے موت قابل مذمت ہے،میاں مقصود احمد

مصر کے سابق صدر کوسزائے موت قابل مذمت ہے،میاں مقصود احمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نمائندہ خصوصی) امیر جماعت اسلامی لاہورمیاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ مصر کے منتخب صدر مرسی اور ان کے ساتھیوں کو نام نہاد مصری عدالت کی طرف سے سزائے موت کی سزا کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے انھوں نے کہا کہ اس ظلم و بربریت کے خلاف جماعت اسلامی لاہور کل 4بجے سہ پہر مسجد شہدا مال روڈ لاہور پر احتجاجی مظاہرہ کرئے گی ، مظاہرے سے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستا ن حافظ محمد ادریس ، ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، امیر جماعت اسلامی لاہو ر میاں مقصود احمد اور دیگر قائدین خطاب فرمائیں گے ۔ انھوں نے کہا کہ مرسی کی سزا ئے موت کا فیصلہ جمہوری جدوجہد کے راستے مسدود کرنے کے مترادف ہے ، ڈاکٹر مرسی اور اخوان المسلمون کی حکومت مصر کے عوام کی بھر پور تائید و تعاون سے منتخب ہو کر آنے والی حکومت ہے ۔ ان کی حکومت پر ایک آمر کی طرف سے شب خون مارا گیا ہے جس کا عالمی برادری اور نام بہاد جمہوریت کے علمبرداروں کو نوٹس لینا چاہیے تھا مگر بدقسمتی سے پوری دنیا نے مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ صد ر مرسی اور ان کے ساتھوں کو سزائے موت سنا کر عدل وانصاف اور مروجہ بین الاقوامی اصولوں اور بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیری گئی ہیں انھوں نے اقوام متحدہ اور او ائی سی سمیت دیگر اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلمان ممالک میں جمہور ی عمل کے خاتمے کی اس کوشش کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں اور مصر کے ظالم اور جابر حکمرانوں کو غیر جمہور ی ، غیر اخلاقی ، غیر قانونی اور غیر انسانی اقدامات سے روکنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں ۔