تاجپورہ میں گندا پانی ،گیسٹرو پھیلنے لگا

تاجپورہ میں گندا پانی ،گیسٹرو پھیلنے لگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(بلال چودھری)واسا کی نا اہلی نے تاج پورہ سکیم کے رہائشیوں کی زندگی اجیرن کر دی،پینے کے آلودہ پانی کے استعمال سے علاقہ میں گیسٹرو اور پیٹ کے دیگر امراض کی شرح میں بے انتہا اضافہ ہو گیا، آلودہ پانی آنے کی کئی مرتبہ شکایات کے باوجود خواب خرگوش میں سوئے ہوئے واسا حکام کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی اعلیٰ حکام نوٹس لیں ورنہ مجبورا سڑکوں پر نکل آئیں گے ، اہل علاقہ کی اپیل۔تفصیلات کے مطابق تاجپورہ سکیم امیر الدین پارک میں کئی ماہ سے پینے کے پانی کے ساتھ گٹر کا پانی مکس ہر کر آ رہا ہے۔اہل علاقہ نے نمائندہ" پاکستان" سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ تاج پورہ سکیم امیر الدین پارک کے علاقہ 60فٹ روڈ ،خواجہ احمد حسان روڈاور اس سے ملحقہ گلیوں میں کئی ماہ سے پینے کے پانی کے ساتھ گٹر کا پانی مکس ہو کر آ رہا ہے ،یہاں تک کہ کئی گھروں میں پینے کا پانی گاڑے کی صورت میں آ رہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پانی کو ابال کر بھی اگر استعمال کرنے کی کوشش کی جائے تب بھی اس میں گندگی کی اتنی آمیزش ہوتی ہے کہ وہ استعمال کے قابل نہیں ہوتاجبکہ پانی کے استعمال کی وجہ سے علاقہ میں بیشتر لوگ گیسٹرو ،ہیپا ٹائٹس اور پیٹ کے دیگر امراض کا شکار ہو چکے ہیں اور علاقہ کے ہسپتال مریضوں سے بھر گئے ہیں ۔پانی کی آلودگی کا اس بات سے اندازا لگایا جا سکتا ہے کہ کپڑے دھونے میں بھی اگر اس کو استعمال کیا جائے تو کپڑے بھی خراب ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہم نے کئی بار متعلقہ واسا کے دفتر میں شکایت کی ہے لیکن واسا حکام کی جانب سے مسئلے کا کوئی سدباب کرنے کی کئی ماہ گزر جانے کے باوجود بھی کوشش نہیں کی گئی ۔ جبکہ واسا دفتر میں موجود عملہ یہ کہ کر ٹال دیتا ہے کہ علاقہ کے ٹیوب ویل کے ساتھ ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ لگایا گیا ہے اس سے پینے کا پانی حاصل کر لیں ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ کی آبادی 30ہزار نفوس کے قریب ہے اور ایک واٹر فلٹریشن پلانٹ ا س کے لیے ناکافی ہے ۔اہل علاقہ نے اپیل کی واسا حکام معاملے کا نوٹس لیکر مسئلے کو جلد از جلد حل کریں ورنہ ہمیں مجبورا سڑکوں پر نکلنا پڑے گا۔اس حوالے سے متعلقہ واسا کے آفس میں رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ معاملہ نوٹس میں ہے جلد کارروائی کر کے مسئلہ حل کر دیا جائے گا۔