پاکستان میری تائم سکیورٹی میں مرکزی کردار ادا کررہا ہے: سربراہ چینی بحریہ

پاکستان میری تائم سکیورٹی میں مرکزی کردار ادا کررہا ہے: سربراہ چینی بحریہ
پاکستان میری تائم سکیورٹی میں مرکزی کردار ادا کررہا ہے: سربراہ چینی بحریہ

  

کراچی (اے پی پی) چینی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ووشینگلی بدھ کے روز چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاءاللہ کی دعوت پر پاکستان کے سرکاری دورے پر پہنچ گئے۔ معزز مہمان کی پاکستان نیوی فلیٹ ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ نے ان کا خیر مقدم کیا۔ روایتی یونیفارم میں ملبوس پاک بحریہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے معزز مہمانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ایڈمرل ذکاءاللہ نے پاک بحریہ کے پرنسپل سٹاف آفیسرز اور انتظامیہ کے اعلیٰ افسران سے چینی بحریہ کے سربراہ کا تعارف کرایا۔ بعدازاں ایڈمرل ووشینگلی نے چیف آف نیول سٹاف سے ملاقات کی اور اپنے ہم منصب سے پیشہ وارانہ امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر معزز مہمان کو آپریشنل امور پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ چینی بحریہ کے سربراہ نے خطے کی میری ٹائم سکیورٹی کے حوالےس ے پاک بحریہ کی کاوشوں اور عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار ریاست کی حیثیت سے پاکستان خطے کی میری ٹائم سکیورٹی اور استحکام میں مرکزی کردار ادا کررہا ہے جو خطے میں آزادانہ اور محفوظ جہاز رانی کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ایڈمرل ووشینگلی نے 1964ءمیں چینی بحریہ میں شمولیت اختیار کی۔ چینی بحریہ کی قیادت سنبھالنے سے قبل وہ متعدد کمانڈ اور سٹاف عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں جن میں کمانڈرڈسٹرائیرفلیٹ، ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف شنگھائی نیول بیس، چیف آف نیول سٹاف فوجین نیول بیس، ڈپٹی کمانڈر ایسٹ سی فلیٹ، ڈپٹی کمانڈر گوانگڑوملٹری ریجن، کمانڈر ساﺅتھ سی فلیٹ اور ڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف (نیوی) شامل ہیں۔ ایڈمرل ووشینگلی نے باقاعدہ پیشہ وارانہ تربیت کے علاوہ پی ایل اے ٹوپوگرافی اکیڈمی، ڈالین نیول اکیڈمی، پی ایل اے نیول کمانڈ کالج، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور نیشنل یونیورسٹی آف ڈیفنس ٹیکنالوجی سے بھی تربیت حاصل کی ہے۔ چینی بحریہ کے سربراہ کے اس دورے سے دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعلقات میں مزید بہتری اور استحکام کی توقع ہے۔

مزید :

کراچی -