مدثر نذر کی ’قربانی ‘ نے چیئر مین پی سی بی کا دل خوش کر دیا

مدثر نذر کی ’قربانی ‘ نے چیئر مین پی سی بی کا دل خوش کر دیا
مدثر نذر کی ’قربانی ‘ نے چیئر مین پی سی بی کا دل خوش کر دیا

  

لاہور (ویب ڈیسک) سابق ٹیسٹ کرکٹر مدثر نذر کی ’قربانی‘ نے چیئرمین پی سی بی کا دل خوش کر دیا، شہریار خان نے ان کے بطور ڈائریکٹر کرکٹ اکیڈمی انتخاب پر مہر تصدیق ثبت کر دی، وہ کہتے ہیں کہ اس ذمہ داری کیلئے سابق آل راﺅنڈر ہی بہترین تھے ، انھوں نے پاکستان کی خاطر آئی سی سی کا بڑا عہدہ اور تنخواہ چھوڑ دی ، کوئٹہ اور پشاور میں ابھی اکیڈمیز بنائینگے ۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی مدثر نذر کو ڈائریکٹر کرکٹ اکیڈمیز مقرر کرنے کا اصولی فیصلہ کر چکا ہے، اس وقت دبئی میں قائم آئی سی سی گلوبل اکیڈمی سے منسلک سابق آل راﺅنڈر کی پی سی بی کیساتھ بات چیت چل رہی تھی، گزشتہ ماہ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان سے دبئی میں ملاقات میں انھیں اس عہدے کی پیشکش دیدی، اگرچہ پی سی بی کو دیگر درخواستیں بھی موصول ہوئیں لیکن پی سی بی حکام کی نظر میں مدثر نذر میں بہترین انتخاب ٹھہرے ، ذرائع کے مطابق معاہدے کے معاملات طے پا چکے اور وہ جلد ہی پاکستان آکر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لینگے ، سابق آل راﺅنڈر اس سے قبل بھی پی سی بی میں ڈائریکٹر گیم ڈیویلپمنٹ کے عہدے پر کام کر چکے ہیں، 60 سالہ مدثر نذر نے 76 ٹیسٹ اور 122 دن ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ کوئٹہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہریار خان نے بھی مدثر نذر کے انتخاب پر مہر تصدیق ثبت کر دی، ان کا کہنا تھا کہ سابق آل راﺅنڈر کرکٹ میں وسیع تجربہ رکھنے کیساتھ کو چنگ کے شعبے میں بھی قابل ذکر خدمات انجام دے چکے ہیں، انھوں نے پاکستان کی خاطر قربانی دیتے ہوئے آئی سی سی کا بڑا عہدہ اور تنخواہ چھوڑ دی اور ملک کی خدمت کیلئے وطن واپس آگئے۔ چیئرمین نے اکیڈمیز کا دائرہ وسیع کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ کوئٹہ میں بھی ریجنل اکیڈمی بنائینگے ، بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بھی کرکٹ کے فروغ کیلئے کام کرینگے، صوبے میں جلد ہی کلب اور یونیورسٹی چیمپئن شپ کرائی جائیگی ، یہاں فرسٹ کلاس کرکٹ کے بحالی کیلئے اقدامات اٹھائینگے، ہرسال ایک ضلع میں گراﺅنڈ بنائیں گے ، کوئٹہ کے علاوہ پشاور میں بھی کرکٹ اکیڈمی بنائی جائے گی ۔

مزید :

کھیل -