بھارتی فلم انڈسٹری نے وقت کے ساتھ ساتھ اپنے اندر تبدیلیاں پیدا کیں‘ شاہد رانا

بھارتی فلم انڈسٹری نے وقت کے ساتھ ساتھ اپنے اندر تبدیلیاں پیدا کیں‘ شاہد ...

  

لاہور ( فلم رپورٹر) پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور سینئر ہدایتکار شاہد رانانے کہاہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری میں نئے چہروں کے آنے سے اچھا کام ہو گا اور شائقین فلم دوبارہ سینماء گھروں میں لوٹ آئیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری کی تباہی کے لئے غیروں کو ذمہ دار ٹھہرانا درست نہیں ہے ، ہم سب پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فلم انڈسٹری کی تباہی پر دل خون کے آنسو روتا ہے اگر ہم پڑوسی ملک بھارت کی فلم انڈسٹری پر نظر ڈالیں تو بھارتی فلم انڈسٹری نے وقت کے ساتھ ساتھ اپنے اندر تبدیلیاں پیدا کیں اور جدید ترین ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے نت نئے موضوعات سے بھرپورہ فلمیں بنائیں ۔ جبکہ ہم لکیر کے فقیر رہے ہیں ، وہی گھسے پٹے موضوعات کی وجہ سے شائقین ہماری فلموں کو دیکھ کر عاجز آچکے ہیں اور انہوں نے فلمیں دیکھنا چھوڑ دی ہیں ۔شاہد رانا نے کہا کہ میری نظر میں اس کا ایک حل موجود ہے کہ اب فلم انڈسٹری میں پڑھے لکھے اور باصلاحیت لوگوں کو باگ دوڑ سنبھالنا ہو گی کیونکہ نئے چہروں کے آنے سے اچھا کام ہو گا اور شائقین فلم دوبارہ سینما گھروں میں لوٹ آئیں گے۔

مزید :

کلچر -