لاہورمیں لبارڈ کے سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنرکاانعقاد

لاہورمیں لبارڈ کے سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنرکاانعقاد

  

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور بزنسمین ایسوسی ایشن برائے بحالی معذوراں (لبارڈ ) کا سالانہ فنڈ ریزنگ ڈنر منعقد ہوا جس میں لبارڈ کے صدر ایم این اے پرویز ملک، لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد، نائب صدر ناصر سعید، سابق صدور میاں مصباح الرحمن، میاں مظفر علی، فاروق افتخار، سابق سینئر نائب صدر عرفان اقبال شیخ، لبارڈ کے سیکریٹری جنرل سعید خان، میاں نصرت الدین، شائستہ پرویز ملک، ڈی جی ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پاکستان احمر ملک سمیت ایک ہزار سے زائد صنعتکاروں اور بیوروکریٹس سمیت اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔ لاہور چیمبر کی چھتری تلے کام کرنے والا ادارہ لبارڈ ہر سال فنڈریزنگ ڈنر منعقد کرتا ہے جس سے حاصل ہونے والے فنڈز خصوصی افراد کی فلاح و بہبود پر خرچ کیے جاتے ہیں۔ لبارڈ کے صدر پرویز ملک نے کہا کہ لبارڈ حسبِ سابق اس مرتبہ بھی اِس فنڈ ریزنگ ڈنر سے حاصل ہونے والے تمام فنڈز خصوصی افراد کی تعلیم و تربیت اور فلاح و بہبود پر خرچ کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور بزنسمین ایسوسی ایشن برائے بحالی معذوراں (لبارڈ) اپنی مدد آپ کے تحت معذور افراد کو تعلیم و تربیت دلوانے اور ہنر سکھانے کے لیے کام کررہی ہے تاکہ معذور افراد کسی پر بوجھ بننے کی بجائے نہ صرف اپنا روزگار خود کماسکیں بلکہ صحتمند افراد کی طرح ملک و قوم کی ترقی میں بھی کردار ادا کرسکیں۔ لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد نے کہا یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ لاہور چیمبر کے سائے تلے لبارڈ انتہائی جوش و خروش اور خلوص نیت کے ساتھ معذور افراد کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ لبارڈ کا جذبہ خدمت سب کے لیے مشعلِ راہ اور اس قسم کے دیگر تمام اداروں کے لیے مثال ہے جس کی انہیں تقلید کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وہ لبارڈ کی گورننگ باڈی کے تمام اراکین کو خصوصی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں کیونکہ لبارڈ کو موجودہ مقام تک پہنچانے میں انہوں نے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ لبارڈ کے جنرل سیکریٹری سعید خان نے خصوصی افراد کے لیے لبارڈ کی خدمات پر روشنی ڈالتے سال بھر کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ لبارڈ خصوصی افراد کو علاج و معالجہ، تعلیم و تربیت، آلات کی فراہمی اور قرض حسنہ سمیت دیگر خدمات بلامعاوضہ مہیا کررہا ہے۔ تقریب میں لکی ڈرا اور میوزیکل شوکا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

مزید :

کامرس -