پاکستان اوریوکرائن تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچا سکتے ہیں

پاکستان اوریوکرائن تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچا سکتے ہیں

  

اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان میں یوکرائن کے سفیر ولادی میر لوکو موف نے کہا ہے کہ پاکستان اوریوکرائن غیرروایتی شعبوں میں روابط اور تجارتی تعلقات کو نئی بلندیوں پر پہنچا سکتے ہیں ۔ ’’اے پی پی‘‘ سے یہاں خصوصی بات چیت میں یوکرائن کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور یوکرائن کے مابین موجودہ تجارتی حجم 500 ملین ڈالر ہے اور اس حجم کو بڑھانے کیلئے مواقع موجود ہیں ، یوکرائن پاکستان کے ساتھ درجنوں معاہدے طے کرنے کے مراحل میں ہے تاکہ دو طرفہ بنیادوں پر سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول کی فراہمی کے علاوہ سائنس و ٹیکنالوجیز، تعلیم، ثقافت اور تجارتی تعلقات کو فروغ دیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کاروباری برادری ٹیکسٹائل، ہینڈی کرافٹ، چمڑے کی مصنوعات، سرجیکل آلات، کھیلوں کے سامان۔ پھلوں بالخصوص آم، کینو اور کھجوروں جیسی اشیاء کیلئے یوکرائنی منڈیوں میں مواقع تلاش کرسکتے ہیں۔ اسی طرح یوکرائن گندم، مال برادری، ہوا بازی اور خلائی ٹیکنالوجیز کے علاوہ دفاعی سازوسامان کی درآمدات اور برآمدات کے فروغ دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ایوی ایشن کے شعبہ میں بہت سے مواقع ہیں اور یوکرائن مسافر اور مال بردار طیاروں کی تیاری میں 60 سال سے زائد کا تجربہ رکھتا ہے جس سے استفادہ کیاجاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرائن کی انیتانوف کمپنی اب تک 100 قسم کے جہاز بشمول سب سے بڑے مال بردار طیارے اور آتشزدگی پر قابو پانے والے جہاز تیار کرنے میں تجربہ رکھتی ہے۔ دو طرفہ تجارت کے فروغ سے متعلق انہوں نے کہا کہ دوہرے ٹیکسیشن کو ختم کرنے سے متعلق ایک معاہدہ حال ہی میں طے پاگیا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاریٗ ہوا بازیٗ تعلیمٗ بحری تجارت، سائنس و ٹکنالوجی اور ثقافتی وفود کے تبادلوں اور مفاہمت کی یادداشتیں ہوسکتی ہیں ۔ یوکرائن کے وزیر خارجہ کی وزیراعظم پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعاون کے فروغ کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستانی پھلوں کینو، آم اور پھلوں کے معیار اور ذائقوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پاکستانی پھل رسیلے اور خوش ذائقہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی وہ کیف جاتے ہیں یہ نعمتیں پاکستان سے ساتھ لے کر جاتے ہیں اور یہ پھل دوستوں اور خاندان کے افراد کو تحائف میں پیش کرتے ہیں لیکن یوکرائن کے لوگ پاکستان سے معیاری اور خوش ذائقہ پھلوں کے دلدادہ ہیں۔یورو وژن موسیقی کے مقابلوں میں انعام یافتہ یوکرائن کے گلوکار جامالا کے پاکستان کے یوم آزادی 14 اگست کے موقع پر پاکستان میں پروگرام کی تجویز کو سراہتے ہوئے سفیر نے کہاکہ دو طرفہ ثقافتی تعلقات کے فروغ کی جانب یہ اہم قدم ہوگا۔

مزید :

کامرس -