سینک اور پنڈتوں کی کالونیوں بارے عوام کو جان بوجھ کر گمراہ کیا جارہا ہے،سید علی گیلانی

سینک اور پنڈتوں کی کالونیوں بارے عوام کو جان بوجھ کر گمراہ کیا جارہا ہے،سید ...

  

سرینگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سینک اورپنڈت کالونیوں کے بارے میں بی جے کے ریاست صدر ست شرما اور ایم ایل سی سریندر امباردار کے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کے ایک ریاستی وزیر کو اگرچہ اس موضوع پر روز ٹیلی ویژن پر آکر جھوٹی قسمیں کھانے کے لیے تعینات کردیا گیا ہے، البتہ وزیراعلی محبوبہ مفتی کی اس سلسلے میں پراسرار خاموشی اس بات کا بین ثبوت ہے کہ انہوں نے ایجنڈا آف الائینس کے نام پر بھاجپا کے ساتھ ہر چیز کا سودا کیا ہے اور کرسی کے عوض کشمیر کو ان کی شکارگاہ بنانے پر آمادگی ظاہر کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاور پروجیکٹس کی واپسی کی طرح سینک کالونیوں اور پنڈتوں کے لیے الگ ٹاون شپ بنانے کے بارے میں بھی لوگوں کو جان بوجھ کر گمراہ کیا جارہا ہے اور اصل حقائق ان سے چھپائے جارہے ہیں ۔ حریت کانفرنس حالات کا بغور جائزہ لے رہی ہے اور وہ اس سلسلے میں اپنے طور سے حقائق کا پتہ لگانے کی کوشش کررہی ہے۔

بہت جلد حکومت کی دوہری پالیسی ایکسپوز ہوجائے گی اور بی جے پی، پی ڈی پی مخلوط حکومت کی خفیہ ڈیل عوام کے سامنے بے نقاب ہوجائے گی ۔گیلانی نے نیشنل کانفرنس لیڈران کے تازہ بیانات کا بھی پوسٹ مارٹم کیا اور کہا کہ ان لوگوں کو اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد ہی کشمیری عوام کا تشخص اور مفاد یاد آجاتا ہے اور یہ ان کی حالتِ زار پر واویلا مچانے لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی اور ریاستی کانگریس کے لوگ مل جل کر اس قوم کو منجدھار میں پھنسانے کے ذمہ دار ہیں اور انہیں کرسی کے حصول کے سوا کسی چیز کے ساتھ کوئی دلچسپی نہیں ہے۔

مزید :

عالمی منظر -