انجمن بہار اسلام کے زیر اہتمام شب برأت کے سلسلے میں عظیم الشان پروگرام

انجمن بہار اسلام کے زیر اہتمام شب برأت کے سلسلے میں عظیم الشان پروگرام

  

لاہور (پ ر) انجمن بہار اسلام کے زیر اہتمام مرکز بہار اسلام شمالی لاہور میں 25واں سالانہ شب بیداری / شب برأت کے سلسلے میں ایک عظیم الشان پروگرام زیر سرپرستی علامہ پیر محمد عباس مجددی سیفی زیر نگرانی مفتی محمد عرفان طریقتی منعقد ہوا۔ جس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے محمد ظفر اقبال نے کیا جبکہ نقابت محمد فیصل اسلم سیفی نے کی۔ اس موقع پر علامہ پیر سید خرم ریاض شاہ، قاری محمد طارق لطیف نقشبندی نے خطاب کیا جبکہ ممتاز ثناء خوانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم حاجی عبدالرزاق چشتی، اظہر حسین قلندری، فیاض نقشبندی، محمد مزمل اور دیگر نے بارگاہِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حضور گلہائے عقیدت پیش کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ پیر سید خرم ریاض شاہ نے کہا کہ اللہ پاک نے تمام نبیوں کو پابند کر دیا کہ محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کلمہ پڑھو بلکہ امت بھی نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا کلمہ پڑھے۔ اللہ پاک نے نبیوں سے محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناموس کا وعدہ بھی لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا تقاضا پورا ہوگا تو جنت ملے گی۔ نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حرمت اور عزت کی خاطر عاشقانِ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پروانے قیامت تک قربان ہوتے رہیں گے۔ غازی علم الدین شہید، غازی ملک ممتاز حسین قادری شہید نے نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ناموس کی خاطر پھانسی کا پھندہ جھوم کر لیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انشاء اللہ ہمیں آج کے دن کی مناسبت سے یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے یہی ہمارے مضبوط ایمان کا تقاضا ہے۔ تقریب کے اختتام پر انجمن بہار اسلام کے سرپرست وبانی علامہ پیر محمد عباس مجددی سیفی نے ملک کی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی اجتماعی دعا کروائی اور اس موقع پر ہزاروں عاشقانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم، علماء ومشائخ، دینی تنظیموں کے سرکردہ افراد نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر سحری کا خصوصی اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -