مختلف مقدمات میں 5ملزمان کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستیں خارج
لاہور(نامہ نگار)سپیشل جج کسٹم نے مختلف مقدمات میں ملوث 5ملزمان کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواستیں خارج کر دیں، ملزموں پر کرنسی اورموبائل سمگل کرنے کے ساتھ بغیر کسٹم ادا کئے لینڈ کروزر اور ٹیوٹا رکھنے کا الزام ہے ،ملزمان ذیشان نصیر بٹ اور شفاعت علی پاکستانی کرنسی چھپا کر لاہور سے دوبئی لے کر جا رہے تھے کہ ائیرپورٹ پر کسٹم کے عملے نے بوڈنگ کارڈ لیتے ہوئے دونوں کو گرفتار کرلیاجبکہ ائیر پورٹ پر اقبال دستگیر کے قبضے سے بھاری تعداد میں سمگل شدہ موبائل فون برآمد ہوئے، اسی طرح نادرعلی اور جہانزیب پر سمگل شدہ لینڈ کروزر اور ٹیوٹا رکھنے کا الزام ہے، ملزمان نے سپیشل جج کسٹم میں ضمانت کی درخواستیں دائر کررکھی تھیں۔ عدالت نے گزشتہ روزوکلاء کے دلائل سننے کے بعد پانچوں ملزمان کی درخواست کی ضمانتیں خارج کر دیں۔