انٹر میڈیٹ پارٹ ٹو سالانہ امتحانات اختتام پذیر ، سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے

انٹر میڈیٹ پارٹ ٹو سالانہ امتحانات اختتام پذیر ، سیکورٹی کے سخت انتظامات ...

  

لاہور( نامہ نگار ) انٹر میڈیٹ پارٹ ٹو سالانہ امتحان 2016کے سلسلہ میں گزشتہ روز مورخہ 23 مئی 2016ء کو آخری پرچہ اردو(لازمی)تمام امتحانی مراکز کڑی نگرانی میں منعقد ہوا ۔پارٹ ٹو سالانہ امتحان میں تقریبا 152000امیدواروں نے شرکت کی جن کیلئے 491امتحانی مراکز قائم کئے گئے تھے جن کی بھر پور نگرانی کی گئی جس کے نتیجے میں دوران امتحان 81امیدواران پر ناجائز ذرائع جبکہ 4امیدواران پر تلبیس شخصی کے کیسز بنائے گئے ۔امتحان شروع ہو نے سے پہلے تمام امیدواران کی جامع تلاشی کو بھی یقینی بنایا گیا تا کہ بوٹی مافیا کا قلع قمع کیا جاسکے۔ انٹر میڈیٹ پارٹ ون سالانہ امتحان 2016ء آج مو رخہ 24 مئی 2016ء سے شروع ہو گا گرمی کی شدت کے پیش نظر چیئرمین لاہور ڈاکٹر محمد نصر اللہ ورک نے سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی ہے کہ دوران امتحان امیدواران کیلئے ٹھنڈے پانی کا وافر انتظام کریں۔

جس کیلئے ان کو برف کیلئے دی جانے والی رقم مبلغ 2500/-سے بڑھا کر 3000/- کر دئیے گئے ہیں کسی بھی امتحانی مرکز میں ٹھنڈا پانی نہ ہو نے کی صورت میں سپرنٹنڈنٹ کے خلاف ایکشن لیا جائیگا ۔ چیئر مین لاہور بور ڈ نے تمام موبائل انسکپٹر ز اور سپیشل سکواڈ زکو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ تمام امتحانی مراکز کی کڑی نگرانی کریں اور امتحان کے آغاز اور اختتام پر امتحانی مرکز میں اپنی مو جودگی کو یقینی بنائیں جبکہ ڈسٹری بیوٹنگ انسپکٹرز اور اقامتی انسپکٹرز کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ سوالیہ پرچہ جات کی تقسیم کو اپنی مو جودگی میں یقینی بنائیں لاپرواہی کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -