ڈینگی کی روک تھام کیلئے راولپنڈی پر خصوصی توجہ دی جائے گی،سلمان رفیق

ڈینگی کی روک تھام کیلئے راولپنڈی پر خصوصی توجہ دی جائے گی،سلمان رفیق

  

لاہور(جنرل رپورٹر) مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ راولپنڈی ڈینگی کے لحاظ سے حساس ضلع ہے اور ڈینگی کی روک تھام کے سلسلہ میں ضلع راولپنڈی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران انسداد ڈینگی کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے راولپنڈی کا خود دورہ کریں۔انہوں نے یہ بات کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔اجلاس میں کرن ڈار ایم این اے کے علاوہ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کےئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ ، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کےئر علی جان خان ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر مختار حسین سید ، ڈی سی او شیخوپورہ اور تمام متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی ۔ راولپنڈی ، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے کمشنر ز اور دیگر افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں حصہ لیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈینگی کنٹرول ڈاکٹر فیاض بٹ نے صوبے کے اہم شہروں میں ڈینگی کی صورتحال ، آؤٹ ڈور اور انڈور ڈینگی سرویلنس بارے بریفنگ دی ۔ ای ڈی او ہیلتھ لاہور نے شہر میں جاری ڈینگی سرویلنس کی سرگرمیوں بارے اجلاس کو معلومات فراہم کیں ۔ گوجرانوالہ ، راولپنڈی اور فیصل آباد کے کمشنر ز اور ڈی سی شیخوپورہ نے اپنے اپنے اضلاع میں ڈینگی کی روک تھام کے لئے جاری اقدامات بارے اجلاس کو آگاہ کیا ۔ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور سپیشل برانچ نے مختلف محکموں کی جانب سے انسداد ڈینگی کے اقدامات بارے رپورٹ پیش کی اور آپریشنل لیول پر خامیوں کی نشاندہی کی ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام محکمے ڈینگی مچھر کی افزائش کو روکنے کے لئے بھر پور محنت اور باہمی رابطہ کے ساتھ مربوط کوششیں جاری رکھیں تاکہ آنے والے موسم میں ڈینگی پر موثر کنٹرول یقینی بنایا جا سکے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -