امریکہ نے ہمیشہ اسلام دشمن قوتوں کی سرپرستی کی،پیر اعجاز ہاشمی
لاہور (جنرل رپورٹر) جمعیت علما پاکستان کے سربراہ پیر اعجازاحمد ہاشمی نے امریکی کانگریس کی طرف سے پاکستان پر فوجی امداد کی سخت شرائط عائد کرنے اور بلوچستان میں ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے ہمیشہ مسلم ممالک کو دھوکہ دیا او ر اسلام دشمن قوتوں کی سرپرستی کی۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے لئے قومی غیرت کے اظہار اورملکی مفادات کے تحفظ کا بہترین موقع ہے کہ امریکہ سے ہر قسمی سفارتی تعلقات منقطع کریں ۔جے یو پی کی میڈیا ٹیم سے گفتگو کرتے ہوئے پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ دنیا بھر میں دہشت گردی کا ذمہ دار خودامریکہ ہے، جس نے القاعدہ، طالبان اور داعش جیسے دہشت گرد گروپ خود پیدا کئے۔ انہیں روس کے خلاف افغانستان جنگ میں استعمال کیا ۔انہوں نے کہا کہ پالیسی سازوں اور حکمرانوں کے لئے باعث شرم ہے کہ لاکھوں فوجی جوانوں اور عوام کی قربانیوں کے باوجود امریکہ اور عالمی برادری نے پاکستان کی قربانیوں کو نہیں سراہا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ اغیار کی تھی اور اس کا شکار ہم ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خود کش دھماکوں اور تخریب کاری سے پاکستان کی سماجی ، عسکری اور اقتصادی حیثیت کو شدید نقصان پہنچا ہے، اس پر امریکہ نے وہی رویہ اختیار کیا جو اس کی بدطینت کاخاصا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی حکمرانوں کو اب غیرت کا مظاہرہ کرنا چاہیے کہ ان کی غلامی کی قیمت امریکہ نے احسان فراموشی اور ہٹ دھرمی سے دی ہے۔