پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی حکومت میں شامل 2وزراء نے عہدوں سے استعفی دیدیا

پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی حکومت میں شامل 2وزراء نے عہدوں سے استعفی دیدیا

  

مظفر آباد( اے این این ) پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی حکومت میں شامل 2وزرا ء نے عہدوں سے استعفیٰ دیدیا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی آزاد کشمیر حکومت میں شامل دو وزرا عبدالماجد اور چوہدری محمد حسین نے حکومتی رویے سے دلبرداشتہ ہوکر اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ وزیر مالیات عبدالماجد اور وزیر جیل چوہدری محمد حسین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ حکومت کے امتیازی سلوک اور ناروا رویے سے دلبرداشتہ ہو کر اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیا۔مستعفی ہونے والے وزرا ء کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کشمیر کونسل کے انتخابات کیلئے اپنے من پسند امیدواروں کو منتخب کرنے کیلئے کروڑوں روپے کی بولیاں لگائی گئیں اور وزرا ء سے قرآن پاک پر حلف بھی لیا گیا لیکن ہمارے ضمیر نے یہ سودا گوارا نہیں کیا کہ ہم امیدواروں کے چنا ؤ کیلئے قرآن پاک پر حلف لیں اس لئے اپنی وزارتیں چھوڑ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دیگرکئی رہنما حکومتی رویے سے نالاں ہیں اور بہت جلد دیگر لوگوں کے استعفے بھی آئیں گے۔دوسری جانب آزاد کشمیر کونسل کی 4نشستوں کیلئے انتخابات کا عمل مکمل ہو چکا ہے جس میں پیپلز پارٹی 2جبکہ مسلم لیگ (ن)اور مسلم کانفرنس نے ایک ایک سیٹ حاصل کی۔

مزید :

علاقائی -