سوات ، مسلح افراد کی فائرنگ سے دیہی دفاعی کمیٹی کے سربراہ سمیت 2افراد جاں بحق

سوات ، مسلح افراد کی فائرنگ سے دیہی دفاعی کمیٹی کے سربراہ سمیت 2افراد جاں بحق

  

سوات ( اے این این ) سوات میں مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق ٗ ایک زخمی ٗجاں بحق ہونے والوں میں دیہی دفاعی کمیٹی کا سربراہ اور ایک پولیس اہلکار شامل ٗ زخمی اہلکار کو تشویشناک حالت کے باعث ہسپتال منتقل کردیاگیا ٗ واقعہ کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ٗ ملزمان کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن شروع ۔کانجو پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او رحیم خان نے میڈیا کو بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ پیر کے روز تحصیل کبل کے علاقے برہ بانڈی میں پیش آیا۔سوات قومی امن جرگہ کے سربراہ انعام الرحمان نے اس حوالے سے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے محمد خان ویلج ڈیفنس کمیٹی کے چیئرمین تھے۔پولیس کا کہنا ہے کہ محمد خان پر ہونے والے حملے میں ایک پولیس اہلکار بخت بیدار بھی جاں بحق ہوا ہے جبکہ ایک اہلکار بلال زخمی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کی لاشیں اور زخمی پولیس اہلکار کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔واقعے کے بعد پولیس اور سکیورٹی فورسز کے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ایک مقامی شخص رحیم غنی نے بتایا کہ علاقے میں کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ ان کے مطابق مرکزی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

مزید :

علاقائی -