پنجاب اسمبلی میں ڈرون حملے کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور

پنجاب اسمبلی میں ڈرون حملے کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور

  

لاہور( نمائندہ خصوصی) پنجاب اسمبلی میں ڈرون حملے کے خلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ہے جبکہ سپیکر نے گندم کی خریداری پر شکایات کا جائزہ لینے کے لئے معاملہ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے سپرد کردیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس حسب روائت دو روز کے وقفے کے بعد اپنے مقررہ وقت کی بجائے دو گھنٹہ کی تاخیر سے سپیکر رانا محمد اقبال خاں کی صدارت میں شروع ہوا ۔اجلاس میں وقفہ سوالات کے بعد اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے ڈرون حملے کے خلاف آؤٹ آف ٹرن قرار داد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ۔اس قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ڈرون حملے پاکستان کی سالمیت کے لئے سوالیہ نشان ہیں وفاقی حکومت امریکی حکومت سے ڈرون حملوں کو جاری رکھنے کی مذمت کرے اور امریکی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کروایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات نہ ہوں ۔ پاکستانی فوج کے ضرب عضب کی مسلسل کامیا بیو ں پر ڈرون حملے امریکہ کی طرف سے شکوک و شبہات کا شکار ہیں۔ دریں اثناء گندم کی خریداری پر عام بحث کے دوران وزیر خوراک بلال یاسین نے ایوان کو بتایا کہ گندم کی بین الاقوامی سطح پر قیمت کم تھی اور حکومت پر بہت زیادہ دباؤ تھا وزیر اعلی کی ہدائت پر چھوٹے کاشت کاروں کے نقصان کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں گندم سینٹرز میں پہلے پانچ دن اکاموڈیٹ کیا گیا کسانوں کی شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے کسانوں کو ایس ایم ایس پا لیسی کے زریعے حکومت کی پالیسوں سے آگاہ بھی رکھا گیا ہے ،چار لاکھ سے زائد کسانوں کو بار دانہ دیا گیا اور تمام ریکارڈ کو کمپوٹر ائزڈ کیا گیا ہے کسانوں کی محنت کے معاوضے کو تحفظ دیا گیا ہے کسانوں سے چالیس لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدنے کے بعد اس کی مانیٹرنگ بھی کی گئی ہے کسانوں کی جانب سے آنے والی شکایات کا ازالہ کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بار دانہ کی چوری کے حوالے سے چودہ سو شکایات پر محکمانہ کاروائی بھی کی گئی ہے۔صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں کا کہنا تھا کہ گندم کی خریداری کے حوالے سے شکایات آئی ہیں اس پر کمیٹی ضرور بنانی چاہئے تاکہ معلوم ہو سکے کہ غلطیاں کہاں پر ہوئیں اور آئندہ سال ایسی غلطیوں کو روکا جا سکے ۔ جس کے بعد سپیکر نے یہ معاملہ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کے سپرد کردیا ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -