موسم گرما کی تعطیلات پر عملدرآمد نہ کرنیوالے سکول سیل کر دینگے،رانا مشہود

موسم گرما کی تعطیلات پر عملدرآمد نہ کرنیوالے سکول سیل کر دینگے،رانا مشہود

  

لاہور( نامہ نگار) آج سے پنجاب میں تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں موسم گرما کی تعطیلات کے آغاز کے نوٹیفیکیشن پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا اورحکومتی فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے والے سکول سیل کر دئیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تعلیم پنجاب کی ٹیمیں موسم گرما کی تعطیلات کے نوٹیفیکیشن پرموثر عمل درآمد کا جائزہ لے کرمحکمے کو رپورٹ کریں گی تاہم جن سکولوں میں سالانہ امتحان ہو رہے ہیں وہ تعطیلات سے مستثنیٰ ہیں، ایسے سکولوں کی انتظامیہ کو متعلقہ ای ڈی او کو ڈیٹ شیٹ کی کاپی جمع کرانا ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ جن سکولوں میں سالانہ امتحانات ہو رہے ہیں وہاں طالب علموں کو امتحانی پیپر کے علاوہ کسی تدریسی سرگرمی میں شامل نہیں کیا جا سکتا۔محکمہ تعلیم کے افسران کو تعطیلات کے فیصلے پر موثر عمل درآمد کرانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ شدید گرمی کی وجہ سے محکمہ تعلیم پنجاب نے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیاں یکم جون کو کرنے کی بجائے 24مئی سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے یہ چھٹیاں 24مئی تا 14اگست جاری رہیں گی ۔

مزید :

صفحہ اول -