اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا شرح سود میں کمی کا خیر مقدم
اسلام آباد ( اے این این ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک اجلاس میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے شرح سود کو 6فیصد سے کم کر کے 5.75فیصد تک لانے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ یہ ایک مثبت اقدام ہے کیونکہ اس سے نجی شعبے کیلئے قرضے کی شرح میں کمی ہو گی جس سے کاروبار کیلئے سستہ قرضہ ملنے سے کاروباری و اقتصادی سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ زرعی شعبے کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے پاکستان پہلے ہی موجودہ مالی سال کے اقتصادی ترقی کے اہداف کو حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے ان حالات میں شرح سود میں مزید کمی ایک دانشمدانہ فیصلہ ہے کیونکہ اس سے معیشت کو بحال کرنے کی کوششوں میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک کا شرح سود چالیس سال میں پہلی مرتبہ اتنا نیچے آیا ہے جو صنعتی شعبے کیلئے خوش آئند ہے کیونکہ شرح سود میں کمی سے پیداواری لاگت میں کمی ہو گی ، سستا قرضہ ملنے سے صنعتی سرگرمیوں میں تیزی پیدا ہو گی اور معیشت کو بحال کرنے میں مدد ملے گی۔ عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ ہماری ٹیکسٹائل برآمدات میں موجودہ مالی سال کے پہلے دس ماہ میں 7.68فیصد کمی واقع ہوئی ہے جو اس سال جولائی تا اپریل کے دوران کم ہو کر 10.395ڈالر تک آ گئی ہیں جبکہ پچھلے سال اسی عرصے میں ٹیکسٹائل برآمدات 11.26ارب ڈالر تھیں۔