میٹروٹرین کے منصوبے پر تنقید کرنیوالے عام آدمی کی فلاح و بہبود کے دشمن ہیں: شہباز شریف

میٹروٹرین کے منصوبے پر تنقید کرنیوالے عام آدمی کی فلاح و بہبود کے دشمن ہیں: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ چین کی جانب سے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے لئے 33 ارب روپے کے فنڈز کی فراہمی ایک اہم سنگ میل ہے اورقیاس آرائیوں اورپراپیگنڈے کے باوجود فنڈز فراہم کرکے چین نے پاکستان سے دوستی کا حق نبھایا ہے اور ایک بار پھر نئی تاریخ رقم کی ہے۔لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ عام آدمی کوعالمی معیار کی جدید سفری سہولتوں کی فراہمی کیلئے ایک انقلاب آفریں منصوبہ ہے اورلاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے سے صرف مٹھی بھر اشرافیہ کو تکلیف ہے۔ جہازوں اورلمبی گاڑیوں میں سفر کرنیوالی یہ اشرافیہ عام آدمی کی سفری مشکلات سے قطعاً طورپر ناآشنا ہیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار اراکین پنجاب اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہو ں نے آج ایوان وزیراعلیٰ میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے منصوبوں میں شفافیت،معیار اور رفتار کا کلچر متعارف کرایا ہے اور وفاقی حکومت اورپنجاب حکومت نے ملکر ترقیاتی منصوبوں میں بچت کی اعلی مثال قائم کی ہے اوراس غریب قوم کے 215ارب روپے بچائے گئے ہیں جس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں۔ انہوں نے کہاکہ چین پاکستان کا انتہائی بااعتماد اور مخلص دوست ہے جس نے مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا ہاتھ تھاما ہے ۔ ترقیاتی منصوبوں میں چین کا بے پایاں تعاون لائق تحسین ہے۔ مخلص دوست چین کی مدد سے پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لا کھڑا کریں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میٹروٹرین کے منصوبے پر تنقید کرنے والے دراصل عام آدمی کی فلاح وبہبود کے دشمن ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ عام آدمی کی حالت بہتر ہولیکن پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت ترقی کے مخالف مٹھی بھر عناصر کی پروا کیے بغیرفلاح عامہ کے منصوبوں کو تیزی سے مکمل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ فلاح عامہ کے منصوبوں پرتنقید کرنے والے عوام کے خیرخواہ نہیں اور احتجاج کی سیاست کرنے والے قوم کا قیمتی وقت ایک بار پھر ضائع کرنے کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ عام آدمی کی سفری مشکلات کو دور کرنے کیلئے بنایا جا رہا ہے کیونکہ جدید، تیز رفتار ، باکفایت اور آرام دہ سفری سہولتوں پر عوام کا پورا حق ہے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے انقلابی منصوبے سے عوام کو جدید ترین سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔ لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین مفاد کے عامہ کا عظیم الشان منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ عام آدمی کو باکفایت، برق رفتار، باوقار اورعالمی معیارکی سفری سہولتیں فراہم کرے گا۔ میٹرو ٹرین کا منصوبہ عوام کے وسائل ان پر خرچ کرنے کی عمدہ مثال ہے۔ میٹرو ٹرین کے منصوبے پر پر دن رات کام جاری ہے۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کی تکمیل سے عام آدمی کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔منصوبے کی تکمیل سے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلاب برپا ہو گا۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ بھی دیگر منصوبوں کی طرح شفافیت، معیار اور فن تعمیر کا اعلیٰ شاہکار ہوگا۔ اورنج میٹروٹرین کے منصوبے میں اربوں روپے بچا کر نئی مثال قائم کی ہے۔میٹرو ٹرین میں عام آدمی کے عزت و احترام سے سفر کرے گا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کرنیوالے اراکین پنجاب اسمبلی میں منان خان، محمد شاویز خان، چوہدری لال حسین، محمد ذیشان گورمانی، میاں علمدار عباس قریشی، محمد عمران قریشی، سید قطب علی شاہ اورخالد غنی چوہدری شامل تھے۔ اس موقع پر ایم پی اے منشاء اللہ بٹ بھی موجود تھے۔