ن لیگ کے ایم این اے نوابزادہ اقبال مہدی انتقال کر گئے
اسلام آباد (ویب ڈیسک)وزیر اعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی، مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ اقبال مہدی انتقال کر گئے ہیں۔ وہ 2013کے الیکشن میں این اے 63جہلم سے رکن منتخب ہوئے تھے۔ اقبال مہدی متعدد مرتبہ رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق اقبال مہدی عرصے سے جگرکے عارضہ میں مبتلا تھے ، چند روز قبل وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ان کی عیادت کے لیے ان کی رہائش گاہ پر گئے تھے۔ شہباز شریف نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے اظہار افسوس کیا ہے اور مرحوم کے لیے دعا مغفرت کی ہے۔ نامہ نگار کے مطابق اقبال مہدی چند دن قبل بھارتی شہر دہلی کے اسپتال میں جگر کی پیوند کاری کے لئے داخل ہوئے تھے تاہم گزشتہ روز انتقال کر گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انکی میت آج منگل کو شام انڈیا سے لاہور پہنچے گی اور کل بدھ کو انکے آبائی گاﺅں دارا پور تحصیل جہلم میں نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔اقبال مہدی اپنے حلقہ سے پانچ بار ایم این اے بنے اور ایک بار صوبائی وزیر بھی رہے۔