عمران خان نے فوزیہ قصوری کا استعفیٰ منظور کرلیا، نیک خواہشات کا اظہار
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے فوزیہ قصوری کا استعفیٰ منظور کرلیا ہے جس کے بعد وہ باقاعدہ طور پر تحریک انصاف کی بنیادی رکنیت سے فارغ ہو گئی ہیں۔
نجی نیوز چینل ”جیونیوز“ کے مطابق تحریک انصاف کے دفتر کی جانب سے دیرینہ کارکن فوزیہ قصوری کے استعفیٰ وصول ہونے کی تصدیق ہوگئی تھی جس کے بعدچیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے فوزیہ قصوری کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ان کے لئے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ فوزیہ قصوری تحریک انصاف کی دیرینہ کارکن تھیں جو عرصہ دراز سے پارٹی کے ساتھ منسلک تھیں اور انہوں نے عمران خان کی قیادت میں پارٹی کیلئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں لیکن اب پارٹی پالیسی سے اختلافات کی بناءپر انہوں نے پارٹی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا اور اپنا استعفیٰ چیئر مین کو ارسال کردیا تھا جو منظور کرلیا گیا ہے۔