ایکنک اجلاس میں قومی اہمیت کے منصوبوں کی منظوری
قومی اقتصادی کونسل کی انتظامی کمیٹی(ایکنک) نے چاروں صوبوں میں مختلف منصوبوں کی منظوری دی ہے، جن پر131 ارب روپے سے زائد رقم خرچ ہو گی۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اجلاس میں صحتِ عامہ، کی سہولتوں، گوادر سی پورٹ سے ریلوے کوریڈور کے لئے زمین کے حصول،220 کے وی ٹرانسمیشن لائن بچھانے اور دو ہزار سے زائد پی ایچ ڈیز کے لئے اوورسیز سکالر شپ سکیم کی منظوری دی گئی۔ ایکنک اجلاس کی کارروائی اِس حوالے سے اہمیت کی حامل ہے کہ اِس میں سب سے زیادہ ترجیح صحتِ عامہ کے منصوبوں کو دی گئی۔یہ منصوبے وفاق کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں میں ورٹیکل پروگراموں کی وجہ سے بڑی اہمیت رکھتے ہیں۔ان کی منظوری سے عام لوگوں کو پورے مُلک میں صحت کی یکساں سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔ ان پروگراموں میں زچہ وچہ بہبود کا قومی پروگرام، بنیادی صحت، ٹی بی ، ملیریا،ہیپاٹائٹس کی روک تھام اور خاندانی منصوبہ پروگرام شامل کیا گیاہے۔ منصوبوں کی تکمیل سے صحتِ عامہ کی سہولتوں میں اضافہ ممکن ہو گا۔ایکنک منصوبوں میں سی پیک کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ گوادر سی پورٹ سے ریلوے کوریڈور کے لئے زمین حاصل کی جائے گی، جبکہ220 کے وی ٹرانسمیشن لائن بچھانے کا کام بھی ہو گا۔ ان منصوبوں کی بروقت منظوری احسن اقدام ہے، اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ترقی کے لئے یہ منصوبہ قابلِ عمل قرار دیتے ہوئے خاص طور پر منظور کیا گیا ہے، جس کے تحت پاکستان کے دو ہزار سے زائد پی ایچ ڈی خواتین و حضرات کے لئے اوورسیز سکالر شپ سکیم کو عملی شکل دی جائے گی۔اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں یہ منصوبہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ پی ایچ ڈی کرنے والوں کو مختلف ممالک میں جا کر جدید ریسرچ سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے گا اور ہمارے تعلیمی نظام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ ایکنک اجلاس میں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے چوتھے نظرثانی شدہ پی سی وی کی منظوری بھی دی گئی ہے۔