سیالکوٹ چیمبر سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کا منصوبہ شروع کریگا

سیالکوٹ چیمبر سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کا منصوبہ شروع کریگا

سیالکوٹ (کامرس ڈیسک )ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ کی جانب سے سیالکوٹ کے ایک مقامی ہوٹل میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ صدر سیالکوٹ چیمبر زاہد لطیف ملک نے کہا کہ سیالکوٹ چیمبر نے بزنس کمیونٹی کے تعاون سے شہر اقبال کی خوبصورتی ، تعمیر و ترقی اور انسانی فلاح و بہبود کے کئی اہم منصوبہ جات مکمل کئے ہیں۔ رمضان المبارک کے اس اہم مہینہ میں ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ میں گھروں سے قبرستان تک مییتوں کی با عزت شفٹنگ کیلئے ایمبولیس سروس کا آغاز کر رہا ہے اس سلسلہ میں فوری طور پر ایک ایمبولینس انتظامیہ قبرستان شہیداں کے حوالہ کر دی گئی اور بہت جلد دوسری ایمبولینس بھی مہیا کردی جائے گی۔ مزید براں شہر سیالکوٹ کیلئے چیمبر پلیٹ فارم سے وینٹی لیٹر ایمبولینس کا منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔صدر چیمبر نے کہا کہ چیمبرکی انتظامیہ کی باہمی مشاور ت سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ مقامی سطح پر مصروف خدمت اداروں کی مالی معاونت کیلئے سیا لکوٹ کی بزنس کمیونٹی اپنے صدقات اور ذکوٰۃ سیالکوٹ چیمبر کے سپر د کریں تاکہ ان اداروں کی مالی معاونت کی جا سکے۔ ان تمام رفاہی کاموں کی انجام دہی کیلئے حاضرین کی باہمی مشاورت کے ساتھ خواجہ ذکاء الدین مرحوم کے نام پر "خواجہ ذکاء الدین ٹرسٹ"کے قیام کا اعلان بھی کیا گیا۔صدر چیمبر نے مزید کہا کہ سیالکوٹ چیمبر عنقریب پرائیویٹ سیکٹر میں ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال کا منصوبہ شروع کررہا ہے جس کیلئے بہت جلد ایک قطعہ اراضی خرید لی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ سیالکوٹ میں ایک ایسا ہسپتال ہونا چاہیے جہاں نہ صرف تمام بیماریوں کا علاج ممکن ہو بلکہ لوگوں کو معیاری اور سستی طبی سہولیات بھی میسر آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ چیمبر پلیٹ فارم سے مکمل ہونے والے میگا منصوبہ جات میں ایک اور سنہری باب کا اضافہ ہو گا۔ صدر چیمبر نے سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی اور مخیر حضرات سے اپیل بھی کی کہ وہ حسب روایت سیالکوٹ چیمبر پلیٹ فارم سے شروع کئے گئے دکھی انسانیت کے اس کام میں بھر پور حصہ لیں۔

مزید : کامرس