سیاسی جماعتیں معاشی ترقی کے ایجنڈے میں تاجر برادری کو اعتماد میں لیں : پروگریسیو گروپ لاہور چیمبر

سیاسی جماعتیں معاشی ترقی کے ایجنڈے میں تاجر برادری کو اعتماد میں لیں : ...

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے ممبران پر مشتمل پروگریسوگروپ نے تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا معاشی ترقی کے ایجنڈے پر صنعت کاروں اور تاجر برادری کو اعتماد میں لیں۔اپنے ایک بیان میں پروگریسو گروپ کے صدر خالد عثمان ، چودھری ارشد ، احسان اللہ و دیگر نے کہا کہ عام انتخابات قریب آچکے ہیں اور یہی صحیح موقع ہے کہ سیاستدان اپنی معاشی ترجیحات کو کاروباری حضرات کے ساتھ شیئر کریں تاکہ ملک میں کاروباری اور معاشی سرگرمیوں میں تیزی لانے کے لئے قابل عمل منصوبہ بنایا جا سکے ۔ اسی طرح کاروباری اداروں اور کاروباری حضرات کی آئندہ پانچ سالہ منصوبہ بندی میں بھی مدد ملے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری تمام تر توجہ معیشت کی مضبوطی اور اس کی ترقی پرہونی چاہیے اور تمام سیاسی جماعتیں ملک کر ایسا ماحول بنائیں کہ اندورن اور بیرون ممالک کے سرمایہ کاروں کیلئے دوست ملک بن سکے ۔ پروگریسو گروپ کے ممبران نے مزید کہا کہ آنیوالے الیکشن کی دوڑ میں تمام سیاسی جماعتیں صرف وعدوں تک محدود نہ رہیں بلکہ کوئی ایسا پروگرام دیں جو عملی طور پر ملک میں بہتری لا سکے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اپنے ایجنڈے میں نوکریوں کا وعدہ کرنے سے پہلے بتائیں کہ نوکریاں کیسے دینگے، پاکستان میں انڈسٹری اور تاجروں کی ترقی کے عمل کو تیز کرنے کیلئے کیا اقدامات کئے جائینگے۔آخر میں انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ملک میں ریونیو بڑھانے کیلئے شہری اور دیہی علاقوں میں ترقی کے ساتھ ساتھ انڈسٹری اور تجارتی سرگرمیاں بھی بڑھانے کی اشد ضرورت ہے ۔

مزید : کامرس