تجاوزات کیخلاف بھرپور آپریشن ، پشت پناہی کرنیوالوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے‘انجمن تاجران

تجاوزات کیخلاف بھرپور آپریشن ، پشت پناہی کرنیوالوں کیخلاف بھی کارروائی کی ...

لاہور( کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے انار کلی سمیت تمام تجارتی مراکز میں تجاوزات کیخلاف بھرپور آپریشن کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجاوزات قائم کرنے والوں کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ،تاجر انتہائی نا مساعد حالات کے باوجود ٹیکسز کی ادائیگی کر رہے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے مسائل حل نہیں کئے جاتے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے اپنے دفتر میں تاجروں کے نمائندہ وفدسے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

تاجروں کی جانب سے تجاوزات ، غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز اور بجلی اور ٹیلیفون کی لٹکتی ہوئی تاروں کے مسائل بارے آگاہ کیا گیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومتی ذمہ داران کی عدم توجہگی کی وجہ سے متعلقہ ادارے تاجروں کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ نہیں دیتے ۔ بارہا مطالبہ کر چکے کہ تاجروں اور متعلقہ اداروں کے درمیان روابط کیلئے فوکل پرسن کی تعیناتی جائے لیکن اسے کسی خاطر میں نہیں لایا گیا ۔اشرف بھٹی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں تجارتی مراکز میں عید الفطر کی خریداری شروع ہونے والی ہے اس لئے انار کلی سمیت تمام بازاروں میں قائم تجاوزات کے خلاف فوری آپریشن کا آغاز کیا جائے ۔ انہیں دوبارہ قائم ہونے سے روکنے کیلئے پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے ۔

*****

مزید : کامرس