بینکوں سے وِد ہولڈنگ ٹیکس واپس نہ لینا دکھ کی بات ہے،خالد پرویز
لاہور(کامرس رپورٹر)صدر آل پاکستان انجمن تاجران خالد پرویز نے کہا ہے کہ بینکوں سے لین دین پر عائد وِد ہولڈنگ ٹیکس واپس نہ لینے پر حکومتی ڈھٹائی حد درجہ افسوس ناک ہے۔ تاجر ایک عرصہ سے اس کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں مگر حکومت دھڑلے سے ان کی جیب کاٹتی آرہی ہے۔ یہ درست ہے کہ کارِ حکومت چلانے کے لیے ٹیکس اور ڈیوٹیوں کے ذریعے ہی پیسہ حاصل ہوتا ہے مگر حکومت مقتدر اور طاقتور حلقوں سے حقیقی ٹیکس وصولی اور ٹیکس کلچر پروان چڑھانے کی بجائے وِد ہولڈنگ ٹیکس ایسے آسان مگر ظالمانہ اور غیر حقیقی راستے اپنا رہی ہے۔انہوں نے کہا FBR بارہا ٹیکس چوروں کا سراغ لگانے اور انہیں ٹیکس نیٹ میں لانے کے محض دعوے کر چکا ہے مگر ٹیکس سسٹم کو صحیح خطوط پر استوار کرنا، اسے آسان بنانا، ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرنا اور ٹیکس چوری کرنے والوں کے گرد شکنجہ کسنے سے اس کے پَر جلتے ہیں
طبقہ اشرافیہ سے ٹیکس وصول نہ کر سکنے اور بینکوں سے لین دین پر تاجروں، پنشروں، بیواؤں، یتیموں کے پیسوں سے وِد ہولڈنگ ٹیکس کاٹنا ہی شاید FBR اپنی کامیابی سمجھتا ہے۔وہ آج یہاں لاہور کی مختلف مارکیٹوں کے صدور و جنرل سیکرٹریز کی ایک میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے جس میں رمضان کے بعد وِد ہولڈنگ ٹیکس کے خلاف منظم تحریک چلانے کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔