سیدہ فاطمہ ۃ الزہراؓ عفت و عظمت کا عظیم حوالہ ہے،نبیل محمود طارق
لاہور(کامرس رپورٹر)حضرت سیدہ فاطمہ ۃ الزہرا رضی اللہ تعالیٰ عنہا تاریخ اسلامی کا نہایت تابناک باب ہیں۔ آغوش نبوت میں آپکی پرورش سے آپ کو منفرد مقام میسر آیا۔آپ عفت و عظمت کا عظیم حوالہ ہے۔جن کے نقش قدم پر چل کر امت مسلمہ کی خواتین فلاح اور جنت میں داخل ہو سکتی ہیں۔ان خیالات کا اظہار پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن کے سیکرٹری نبیل محمود طارق نے گزشتہ روز جاری کردہ بیان میں کیا ۔انہوں نے کہا کہ حضرت سیدہ فاطمہ ۃالزہرا رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی کتاب حیات دختران اسلام کیلئے نصاب نجات ہے۔ خاتون جنت نے خواتین اسلام کی دارین میں فلاح و بہبود کا عملی نمونہ پیش کیا۔
آپکی عقیدت و احترام سے انسان کو اللہ تعالیٰ اور سرور کائنات کا قرب نصیب ہوتا ہے۔
خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفی کی شہزادی ہونے، حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی زوجہ ہونے ، حضرت امام حسن اور حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہماکی ماں ہونے کے لحاظ سے ان کا مقام و مرتبہ پوری کائنات میں منفرد ہے۔ آپ کے گلشن کے حَسین پھول قیامت تک دماغوں کو معطر کرتے رہیں گے۔