دہشتگردی کے خاتمے کیلئے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کیساتھ تعاون کیلئے تایر ہیں ، سیکرٹری خارجہ
اسلام آباد (آئی این پی)سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیئے شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ملکوں کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہے ‘ہم نے دہشت گردی کے خلاف مربوط پالیسی مرتب کی‘رکن ملک پاکستان کے انسداد دہشت گردی کے تجربات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں‘پاکستان میں بنیادی ڈھانچے میں تیزی سے ہوتی ترقی کے ساتھ تجارت اور کاروبار کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔وہ بد ھ کو اسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے انسداد دہشت گردی سے متعلق اجلاس میں اظہار خیال کر رہی تھیں۔ سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اہم کردار ادا کرسکتی ہے کیونکہ تنظیم کا مقصد ممبر ملکوں کے درمیان امن اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون اور روابط بڑھانا ہے، شنگھائی تعاون تنظیم میں باہمی تجارت، توانائی اور معاشی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، پاکستان میں بنیادی ڈھانچے میں تیزی سے ہوتی ترقی کے ساتھ تجارت اور کاروبار کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔