بار بار ہونے والی لوڈ شیڈنگ نے روزہ داروں کی زندگی اجیرن کر دی

بار بار ہونے والی لوڈ شیڈنگ نے روزہ داروں کی زندگی اجیرن کر دی

لاہور(کامرس رپورٹر)ملک میں ایک بار پھر بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا، بار بار ہونے والی لوڈ شیڈنگ نے روزہ داروں کی زندگی اجیرن کر دی ۔ لوگوں کے لئے نہ دن کا سکھ رہا اور نہ رات کا چین رہا ۔ ؂ بجلی کی طلب مزید بڑھ گئی جس کے باعث بجلی کا شارٹ فال سات ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا اور لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں مزید اضافہ کر دیا گیا ۔ملک میں گزشتہ روز بھی بجلی کی ڈیمانڈ 22 ہزارمیگاواٹ رہی جبکہ پیداوار 16 ہزار میگاواٹ کے قریب رہی ۔ شہروں میں ہر گھنٹے کے بعد ایک گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ شروع کر دی گئی ہے ۔ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ رات کوبھی جاری رکھا گیا ۔ حکومتی دعووں کے باوجود گزشتہ روز بھی سحر و افطار سمیت تراویح کے موقع پر لوڈ شیڈنگ کاسلسلہ جاری رکھا گیا ۔ سحر و افطار سمیت تروایح کے موقع پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کی حکومتی کوشش کے باعث دیگر اوقات میں زائد لوڈ شیڈنگ کی گئی جس کے باعث روزہ داروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ رات کو بار بار ہونے والی لوڈ شیڈنگ کے باعث لوگ سکون کی چند گھنٹوں کی نیند سے بھی محروم رہے ۔ شدید گرمی میں بار بار ہونے والی لوڈ شیڈنگ کے باعث بیشتر علاقوں میں پانی کی بھی قلت ہو گئی اورمساجد میں وضو کے لئے بھی پانی میسر نہ ہو سکا ۔

مزید : صفحہ آخر