نااہل کا ٹھکانہ جیل اور انجام عبرتناک رسوائی ہے، طاہرالقادری

نااہل کا ٹھکانہ جیل اور انجام عبرتناک رسوائی ہے، طاہرالقادری

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نااہل نواز شریف سزاؤں سے بچنے کیلئے تماشے کررہے ہیں، نااہل سمجھتا ہے فوج کو بدنام کرنے سے غیر ملکی مدد ملے گی مگر یہ ان کی خام خیالی ہے، نااہل کا ٹھکانہ جیل اور انجام عبرتناک رسوائی ہے۔ نواز شریف کے جھوٹے ہونے پر عدالت نے مہر لگا دی،ان کے کسی الزام کی کوئی حیثیت نہیں،ماڈل ٹاؤن میں 14 لوگوں کو قتل کرنے کی ایف آئی آر درج کرنے سے انکار پر دھرنا دیا۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں وکلاء رہنماؤں کے ایک اجلاس سے ٹیلیفون پر خطاب کر رہے تھے، انہوں نے کہا کہ اصغر خان کیس ثابت کرنے کیلئے کافی ہے کہ کون کس کا آلہ کار تھا، ایجنسیوں سے پیسے لے کر الیکشن جیتنے والے آج کس منہ سے دوسروں پر الزام لگارہے ہیں۔ایجنسیوں کا کردار ختم کرنے کیلئے اصغر خان کیس کے فیصلے پر من و عن عمل ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین بار وزیراعظم بننے والے اس کرپٹ شخص نے لوٹ مار کی دولت سے لندن میں محلات تعمیر کیے، منی ٹریل کے حوالے سے پارلیمنٹ، قوم سے خطاب اور سپریم کورٹ میں مسلسل غلط بیانی کی، جب ان کے سارے جھوٹ پکڑے گئے اور انہیں جیل نظر آنا شروع ہو گئی تو انکشافات کا سہارا لینا شروع کر دیا۔ جو شخص عدالت سے مستند جھوٹا قرار پا چکا ہے اس کے کسی بیان اور الزام کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ استعفیٰ دینے کے پیغام لانے والے کے خلاف بطور وزیراعظم اس وقت کارروائی کیوں نہیں کی؟ جنگ کے بعد یاد آنے والے گھونسے اپنے منہ پر جتنے مرضی ماریں سزاؤں سے نہیں بچ سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ اپنے ہی ملک کے سلامتی کے حساس اداروں پر تہمتیں لگانا اخلاقی دیوالیہ پن ، وطن دشمنی اور ڈھٹائی کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے عدلیہ، فوج اور ملک دشمن بیانات کی پرزورمذمت کرتا ہوں۔

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...