توہین عدالت کی درخواست پرآئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ کو نوٹس
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ کو توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے 20 جون کو جواب طلب کرلیاہے۔جسٹس علی باقر نجفی نے ڈسٹرکٹ جیل جہلم کے وارڈر اعجاز حسین انجم کی درخواست پر سماعت کی،درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ اس نے سپرٹنڈنٹ جیل گجرات منصور کے خلاف آئی جی جیل خانہ جات کو درخواست دی،شنوائی نہ ہونے پر لاہورہائیکورٹ سے رجوع کیا،عدالت نے 2 فروری 2017ء کو آئی جی جیل خانہ جات کو زیرالتواء درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا،عدالتی حکم کے باوجود تاحال درخواست پر فیصلہ نہیں کیا گیا، درخواست گزار نے استدعا کی کہ حکم عدولی پر آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے ۔