کار گومیگا فراڈ سکینڈل ، وزیر اعظم نے چیئر مین پی آئی اے عرفان الٰہی سے استعفی طلب ، تحقیقات کا حکم دیدیا

کار گومیگا فراڈ سکینڈل ، وزیر اعظم نے چیئر مین پی آئی اے عرفان الٰہی سے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (نعیم مصطفےٰ سے) روزنامہ ’’پاکستان‘‘ میں پی آئی اے کارگو میں اربوں روپے فراڈ کے میگا سکینڈل کی خبر شائع ہونے پر وزیراعظم شا ہد خاقان عباسی نے چیئرمین پی آئی اے عرفان الٰہی سے فوری استعفیٰ طلب کرلیا ۔ وفاقی دارالحکومت کے معتبر ذرائع نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا ہے پاکستان اخبار اور پاکستان لائیو آن لائن میں غیر ملکی فرم شیئر کارگو کیساتھ پی آئی اے کے غیر قانونی معاہدے کی تفصیلات شائع اور نشر ہو نے پر پی آئی اے سمیت شہر اقتدار کے دیگر سرکاری اداروں میں ہلچل مچ گئی اور بدھ کے روز دن بھر اس حوالے سے تبصرے ہوتے رہے۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ہنگامی طور پر اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا گیا، جس میں پی آئی اے کے پریذیڈنٹ،سی ای او مشرف رسول سیان، پر نسپل سیکرٹری ٹو پی ایم، چیف آپریٹنگ آفیسر پی آئی اے ضیاء قادر قریشی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے پی آئی اے کار گو میں اربوں کے فراڈ بارے استفسار کیا تو پی آئی اے حکام نے انہیں اس حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور انٹرنل آڈٹ رپورٹس بھی دکھا ئیں۔ ذرائع نے بتایا ہے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا کہ پی آئی کے چیئرمین عرفان الٰہی نے طویل عرصے تک اپنے پاس غیر قانونی طور پر سیکرٹر ی سول ایوی ایشن بورڈ کا عہدہ بھی اپنے پاس رکھا اور حکومت کے علم میں لائے بغیر اپنے آپ کو پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹر کا مائینورٹی شیئر ہولڈر بنا کر خود ہی اپنے آپ کو ممبر بورڈ آف ڈائریکٹر تعینات کر دیا۔ بحیثیت سیکرٹری سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ممبر بورڈ پی آئی اے قو انین کی خلاف ورزی کی گئی اور ممبر بورڈ پی آئی اے کا عہدہ اضافی طور پر رکھ کر کروڑوں کی مراعات لی جاتی رہیں۔ یہ بھی بتایا گیا چیئرمین پی آئی اے نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پی آئی اے کوریئر کمپنی کا بزنس لیپرڈ کوریئر کمپنی کے حوالے کر دیا، جس میں چیئرمین کا اپنا بیٹا اہم منصب پر فائز ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا انڈسٹری پریکٹس کیخلاف ریٹائرمنٹ کے باوجود عرفان الٰہی پی آئی اے کے نہ صرف چیئرمین ہیں بلکہ ریگولیٹری اتھارٹی، سول ایوی ایشن اتھارٹی بورڈ آف ڈائریکٹر کی سربراہی بھی کر رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کرپشن اور اختیا رات سے تجاوز سمیت دیگر معاملات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور پی آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ معاملے کی فوری تحقیقات کروائی جائے۔

مزید :

صفحہ اول -