قومی اسمبلی ، سندھ میں پانی کی قلت کیخلاف اپوزیشن کا احتجاج

قومی اسمبلی ، سندھ میں پانی کی قلت کیخلاف اپوزیشن کا احتجاج

اسلام آباد (صباح نیوز) قومی اسمبلی میں بدھ کو سندھ میں پانی کی قلت کیخلاف اپوزیشن جماعتوں نے شدید احتجاج کیا۔ ظالمو پانی دو، پانی پانی پانی کے نعرے لگائے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے ارکان احتجاجاً واک آؤٹ کر گئے اور سندھ میں پانی کے مسئلے پر تحریک چلانے کی دھمکی دیدی گئی ہے۔ پانی کیخلاف احتجاج کے دوران ڈپٹی سپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی نے کورم کی نشاندہی کے خدشہ سے اجلاس کی کارروائی آج تک ملتوی کر دی۔ اپوزیشن جماعتوں نے واضح کیا کہ پانی کے مسئلے پر سندھ میں حالات خراب ہو سکتے ہیں، اجلاس کے دوران پاکستان پیپلزپارٹی کے ارکان سندھ میں پانی کی قلت کیخلاف احتجاج میں پیش پیش تھے۔ اس حوالے سے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ایم کیو ایم کو طعنہ بھی دیا کہاں ہیں کراچی کو ایک کہنے والے ،ایم کیو ایم پانی کی بات کیوں نہیں کرتی۔ کراچی ہمارا ہے پیپلزپارٹی کراچی کے حقوق کی بات کرتی رہے گی، نواب یوسف تالپور نے کہاسندھ میں پانی کے مسئلے پر حالات بگڑ سکتے ہیں، اس دوران ارکان نے ظالمو پانی دو کے نعرے لگائے۔ ایم کیو ایم کے ارکان بھی لابی سے ایوان میں آ گئے اور پانی پانی پانی کا نعرہ لگانا شروع کر دیا۔

اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی نے اشخاص کی ناجائز تجارت کی ممانعت کا بل منظور کرلیا ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وزیر مملکت برائے میری ٹائم افیئرز چوہدری جعفر اقبال نے تحریک پیش کی کہ اشخاص بالخصوص خواتین اور بچوں کی ناجائز تجارت کی ممانعت اور تدارک کا بل اشخاص کی ناجائز تجارت کی ممانعت کا بل 2018ء زیر غور لایا جائے۔ ایوان سے تحریک کی منظوری کے بعد سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بل کی شق وار منظوری لی۔ قومی اسمبلی نے بل کی تمام شقوں کی منظوری دے دی ٗوزیر مملکت چوہدری جعفر اقبال نے تحریک پیش کی کہ اشخاص کی ناجائز تجارت کی ممانعت کا بل 2018ء منظور کیا جائے۔ قومی اسمبلی نے اتفاق رائے سے بل کی منظوری دے دی۔اجلاس کے دور ان پی ٹی آئی کی رکن ڈاکٹر شیریں مزاری نے نکتہ اعتراض پر ایوان کی توجہ مبذول کرائی کہ برطانیہ بڑا اہم ملک ہے اور وہاں پر ہمیشہ ہی سینئر اور تجربہ کار سفارتکار تعینات کئے جاتے ہیں۔ اس مرتبہ گریڈ 20 کے نا تجربہ کار افسر کو تعینات کیا جارہا ہے‘ ایوان میں اس حوالے سے دفترخارجہ کی طرف سے وضاحت کی جائے جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے ہدایت کی کہ وزیر خارجہ اس حوالے سے ایوان کو اعتماد میں لیں۔اجلاس کے دور ان قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کی کارروائی سوال پوچھنے والے ارکان کی عدم موجودگی کی بناء پر نہ ہو سکی۔ اجلاس کے آغاز پر وقفہ سوالات کی کارروائی کا سپیکر نے آغاز کیا تاہم سوال پوچھنے والے کسی رکن کی بھی ایوان میں موجودگی نہ ہونے پر سپیکر نے وقفہ سوالات کی کارروائی ختم کردی۔ اجلاس کے دور ان قومی اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے رکن رمیش لعل نے ایوان میں کورم کی نشاندہی کردی۔ سپیکر نے گنتی کا حکم دیا۔ ارکان کی مطلوبہ تعداد پوری نہ ہونے کی بناء پر قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی کورم پورا ہونے تک معطل کردی گئی۔

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...