لیاری ،نبیل گبول کی واپسی سے پیپلزپارٹی مشکلات کا شکار

لیاری ،نبیل گبول کی واپسی سے پیپلزپارٹی مشکلات کا شکار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر )لیاری کے مسائل حل کرنے کے لیے محض پرکشش اعلانات اورنبیل گبول کی واپسی کے بعد لیاری میں دھڑے بندی کے باعث پیپلزپارٹی مشکلات کا شکارہوگئی،جاوید ناگوری کوپیپلزپارٹی کراچی کا عہدیداربنائے جانے کے بعد بھی پیپلزپارٹی لیاری میں کم بیک کے لیے پریشانی سے دوچارہے،پی پی کے مقامی رہنماؤں شکور شاد اور ناصر کریم کے بعد بڑی تعداد میں پی پی کے سینئررہنما پیپلزپارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کے لیے پرتول رہے ہیں۔پیپلزپارٹی کی جانب سے لیاری سے متعلق متضاد پالیسیوں اورلیاری کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے سندھ حکومت کی عدم توجہی کے باعث عام انتخابات سے قبل لیاری میں پیپلزپارٹی کوان گنت مشکلات کا سامنا ہے بلاول ہاؤس اور وزیر اعلی ہاؤس کی طرف سے نظرانداز کیے جانے کی روش کے باعث پیپلزپارٹی کے سینئرورکرز کی اکثریت کے لیے پارٹی سے دوری کا سبب بن رہی ہے اورنوجوانوں کی اکثریت تحریک انصاف مسلم لیگ نون دیگرجماعتوں کا رخ کرنے لگے ہیں۔ لیاری میں نبیل گبول کی واپسی اورلیاری کے تنظیمی سیٹ اپ میں دھڑے بندی کے باعث پیپلزپارٹی مخالفین کو متحرک ہونے اور عوامی ہمدردیاں سمیٹنے کا موقع مل گیا ہے اورپارٹی کے ناراض ورکرتحریک انصاف مسلم لیگ نون سمیت دیگرجماعتوں کا رخ کررہے ہیں۔لیاری کے ورکرزکا کہنا ہے کہ اپنی حکومت کے دور میں لیاری کے عوام پانی اور بجلی کی عدم دستیابی کا شکارہیں۔ دس سالہ گینگ وار کے خاتمے کے بعد لیاری کے عوام کے لیے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا گیا نہ آصف زرداری کے اعلان کردہ ایک ارب روپے کا پیکیج لیاری کوملا ہے پیپلزپارٹی کی طرف سے بعض بااثرلوگوں کی لیاری واپسی کے ساتھ ہی بے روزگاری، منشیات اور گینگ وار کے سائے ایک بارپھر لیاری پر منڈلانے لگے ہیں۔پیپلزپارٹی لیاری کے پرانے ورکرز کا کہنا ہے کہ لیاری میں عوامی بے چینی اور احساس محرومی کو پی ٹی آئی اور دیگر جماعتیں کیش کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ پانی بجلی جیسے بنیادی مسائل روزگار سے متعلق بڑھتے ہوئے احساس محرومی کے پیش نظر پیپلزپارٹی کے لئیے عام انتخابات میں مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ہے بلدیاتی انتخابات میں بھی پیپلزپارٹی لیاری میں کئی حلقوں سے شکست کا سامنا کرچکی ہے جس کی وجہ پیپلزپارٹی کا لیاری پرتوجہ نہ دیناہے ۔ ایک سینئرورکرکا کہنا ہے کہ لیاری کے جاوید ناگوری کو پیپلزپارٹی کراچی کا نمائشی جنرل سیکریٹری بنا دیا گیا ہے جاوید ناگوری کے بیاختیار ہونے کی وجہ سے لیاری کی توقعات پوری نہیں ہوئیں ہوسکیں اس لیے کے تمام اختیارات کا مرکز و منبع پی پی کراچی کے صدر سعید غنی کو بنائے جانے پر اہل لیاری کوتحفظات ہیں۔