مہاجر عوام پیپلزپارٹی کی قیادت پر لعنت بھیج رہے ہیں ، سلیم حیدر

مہاجر عوام پیپلزپارٹی کی قیادت پر لعنت بھیج رہے ہیں ، سلیم حیدر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے وزیراعلیٰ سندھ کی سندھ اسمبلی میں تقریر کے دوران صوبے کے نام پر لعنت بھیجنے کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکہ کے بعد سے پورے پاکستان کے عوام پیپلزپارٹی اور اس کی قیادت پر لعنتیں بھیج رہی ہیں جو انہیں نہ سنائی دے رہی ہیں اور نہ دکھائی دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ جن کا تعلق جی ایم سید کے آبائی ضلع سن سے ہے ، انہوں نے آج تک ملک توڑنے کا نعرہ لگانے والوں کو کبھی لعنت نہیں دی ۔ مہاجروں اور پاکستان کو گالی دینے والوں کو کبھی لعنت نہیں دی ، پاک فوج کیخلاف زبان درازی کرنے اور ملکی تنصیبات کو بموں سے اُڑانے والے علیحدگی پسندوں کو کبھی لعنت نہیں دی آج وہ مہاجر صوبے کی بات کرنے والوں پر لعنتیں بھیج رہے ہیں ، ہم اُن کی لعنت کو اپنے لئے اعزاز اور سلام سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ جو مہاجر ملک بنانے کیلئے لاکھوں جانوں کے نذرانے پیش کرسکتے ہیں وہ اپنے صوبے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ملک دشمن ، مہاجر دشمن اور عوام دشمن پارٹی ہے جس کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سر سے پاؤں تک کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں اور یہ اُن لٹیروں کی کمداری کررہے ہیں جو ملکی دولت لوٹ کر دبئی اور لندن میں محلات بنارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ سندھ اُن وزیروں پر بھی لعنت بھیجیں جن کے گھروں سے سونے کے زیورات اور رقم برآمد ہورہی ہے ۔ پیپلزپارٹی اور کرپشن ایک ہی چیز کے دو نام ہیں ۔ انہوں نے آرمی چیف ، چیف جسٹس آف پاکستان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ مراد علی شاہ کی بدزبانی کا نوٹس لیں اور کروڑوں مہاجر عوام کی دل آزاری کرنے پر ان کیخلاف کارروائی کریں۔ ورنہ پورے سندھ کے مہاجر انہیں ہر گلی ، ہر چوک اور محلے میں لعنتیں بھیجیں گے۔