مزارات کی سیکورٹی کو ہر سطح پر ٹھوس اور مربوط بنایا جائے،وزیر داخلہ سندھ

مزارات کی سیکورٹی کو ہر سطح پر ٹھوس اور مربوط بنایا جائے،وزیر داخلہ سندھ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (کرائم رپورٹر)صوبے میں قائم تمام مرکزی مزارات،درگاہوں ودیگر ایسے مزارات ،درگاہوں پر حفاظتی اقدامات کو سیکیورٹی پلان کے مطابق انتہائی مؤثر اور غیرمعمولی بنایا جائے ۔یہ ہدایات وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال نے مزارات وغیرہ پر سیکیورٹی کے حوالے سے طلب کردہ ایک اجلاس کی صدارت کے دوران دیں۔اجلاس میں سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی شاہد پرویز، سیکریٹری اوقاف،مذہبی امور، محکمہ زکوٰۃ و عشر سندھ، سیکریرٹری ورکس اینڈ سروسزکے علاوہ ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ ڈاکٹر ولّی اللہ دل، چیف ایڈمنسٹریٹراوقاف حیدرآباد اور سپرانٹینڈنگ انجینئر حیدرآباد نے بھی شرکت کی۔وزیرداخلہ سندھ نے سیکریٹری اوقاف کو ہدایات دیں کہ سندھ کے تمام مزارات اور درگاہوں کو انتہائی حساس اور نارمل درجہ بندیوں میں تقسیم کیا جائے اور اس حوالے سے اٹھائے جانیوالے جملہ اقدامات میں متعلقہ تھانہ سپروائزری افسران،انٹیلی جینس اسٹاف کو بھی شامل کیا جائے تاکہ مرکزی مزارات ،درگاہوں پر درجہ بندیوں کے لحاظ سے حفاظتی اقدامات کو مزید ٹھوس اور غیرمعمولی بنایا جاسکے ۔انہوں نے اس موقع پر سیکریٹری اوقاف کو ہدایات دیں کہ صوبائی سطح پر تمام مزارات، درگاہوں پر پولیس سیکیورٹی اقدامات کے حوالے سے باقاعدہ تفصیلات مرتب کرکے برائے ملاحظہ ومزید ضروری اقدامات فوری طور پر ارسال کی جائے ۔ انہوں نے ہدیات دیں کہ مزارات، درگاہوں کے منتظمین اور دیگر اسٹاف متعلقہ تھانہ جات سے تمام تر روابط کو یقینی بنائیں اور زائرین میں یہ شعور اجاگر کریں کہ مزارات کے احاطے میں یا اطراف میں کسی بھی مشکوک سرگرمی مشتبہ شخص یا کوئی گاڑی، پیکٹ، پارسل، بریف کیس، بیگ وغیرہ دکھائی دینے پر فوری اطلاع مددگار15قریبی تھانہ یا پوائنٹ پر موجود پولیس موبائل کو دیں یا مزارات منتظمین ودیگر اسٹاف کو دیں تاکہ فوری اور بروقت انسدادی اقدامات کی بدولت حفاظتی اقدامات کو فول پروف بنایا جاسکے ۔انہوں نے ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ کو ہدایات دیں کہ مزارات کے اطراف کے علاقوں میں قائم مختلف ہوٹلز، بس، ویگن، رکشہ، ٹیکسی اسٹینڈز وغیرہ پر انٹیلی جینس کو بڑھایا جائے جبکہ باالخصوص مرکزی مزارات درگاہوں کے اندرونی حصوں میں کڑی نگاہ رکھنے کے ساتھ ساتھ سوئپنگ اور کلیئرنس جیسے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے ۔وزیرداخلہ سندھ نے پولیس کو ہدایات جاری کیں کہ تھانہ جات میں مزارات اور درگاہوں کی دستیاب فہرستوں کا ازسر نو جائزہ لیا جائے اور انہیں تمام تر اکٹھا تفصیلات کے مطابق اپ ڈیٹ کرتے ہوئے سیکیورٹی کے مجموعی امور میں نمایاں بہتری لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ تمام مزارات میں عرس کی تقریبات کے دنوں، تاریخوں کے حوالے سے محکمہ اوقاف سندھ اور پولیس باہم روابط کو یقینی بنائے تاکہ سیکیورٹی کے جملہ امور وانتظامات کو بروقت ممکن بنایا جاسکے ۔