وزیر اعظم 26مئی کو ملتان پہنچیں گے

وزیر اعظم 26مئی کو ملتان پہنچیں گے

ملتان ( سٹاف رپورٹر) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی 26مئی کو ملتان پہنچیں گے ۔پولیس اور انتظامیہ کو ان کے دورے کا حتمی شیڈول موصول ہو گیا ہے۔وزیر اعظم خصوصی طیارے کے ذریعے ائر پورٹ پہنچیں گے جہاں سے ہیلی کاپٹر پر بستی داد انٹر چینج پہنچیں گے ۔ اس سلسلے میں سکیورٹی پلان تیار کرلیا گیا ہے ۔ 2ہزار سے زائد پولیس افسر و اہلکار ڈیوٹی دیں گے ۔وزیر اعظم شجاع آباد میں ملتان سکھر موٹر وے سیکشن کا افتتاح کریں گے ۔ اس سلسلے میں این ایچ اے کی طرف سے انتظامات آخری مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔ اس کے بعد وزیر اعظم 28مئی کو دوبارہ خصوصی طیارے پر ملتان آئیں گے جہاں سے وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر عبدالحکیم جائیں گے جہاں وہ عبدالحکیم لاہو ر موٹر وے سیکشن کا افتتاح کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ وزیر اعلی ٰ شہباز شریف ان کے ساتھ ہوں گے ۔بتایا گیاہے کہ این ایچ اے نے سی پیک کے مشرقی روٹ ملتان سے سکھر موٹر وے کی تعمیر کا ٹارگٹ مقررہ مدت سے پہلے ہی حاصل کرلیا ہے۔اسے ایم فائیو سی پیک میں شامل کرلیا ہے۔ اس روٹ کی لمبائی 392کلومیٹر پر محیط ہے اور یہ 6لین پر مشتمل ہے۔اس کی تعمیر کا ٹھیکہ چینی کمپنی نے حاصل کیا ہے۔سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اس منصوبے کا افتتاح 2016میں سکھر میں کیا۔منصوبے کی تکمیل کا ٹارگٹ 2019مقرر کیا گیا لیکن فنڈز کی بلا تعطل فراہمی سے یہ منصوبہ قبل از وقت 2018میں ہی مکمل ہو گیا ہے۔واضح رہے کہ ملتان سے شجاع آباد سیکٹر 32کلومیٹر پر محیط ہے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول