روزنامہ پاکستان کا اعزاز،کارگو سکینڈل کی خبر، چیئرمین پی آئی اے اپنے عہدے سے مستعفی

روزنامہ پاکستان کا اعزاز،کارگو سکینڈل کی خبر، چیئرمین پی آئی اے اپنے عہدے سے ...
روزنامہ پاکستان کا اعزاز،کارگو سکینڈل کی خبر، چیئرمین پی آئی اے اپنے عہدے سے مستعفی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (نعیم مصطفےٰ سے)روزنامہ پاکستان میں پی آئی اے کارگو سکینڈل میں اربوں روپے کی بے قاعدگیوں اور گھپلوں کی خبر کے بعد چیئرمین پی آئی اے عرفان الہٰی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

یوٹیوب چینل سبسکرائب کرنے کیلئے یہاں کلک کریں

روزنامہ پاکستان میں بدھ 23 مئی کو شائع ہونے والی خبر میں نشاندہی کی گئی تھی کہ پی آئی اے نے ایک غیر ملکی فرم لئیر کارگو کو غیر قانونی طور پر پاکستان سے بیرون ملک کارگو بھجوانے کا معاہدہ کیا تھا جس میں کم و بیش تین ارب روپے سے زائد کی بے قاعدگیاں پائی گئیں اور اعلیٰ حکام نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے متعلقہ پروازوں اور شیڈول میں بھی گھپلے کئے جس سے قومی خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچا۔

خبر کی اشاعت کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پرائم منسٹریٹ سیکرٹریٹ میں ہنگامی اجلاس طلب کیا جس میں پی آئی اے پریذیڈنٹ مشرف رسول سیان سمیت پی آئی اے کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے ۔ وزیراعظم نے کارگو سکینڈل پر سخت برہمی کا اظہار کیااور معاملے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا جبکہ پی آئی اے کے پریذیڈنٹ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نے تحقیقاتی کمیٹی بنانے کا بھی اعلان کیا۔خبر کی اشاعت کے بعد شہر اقتدار میں ہلچل مچ گئی اور پی آئی اے کے اعلیٰ حکام اس حوالے سے سرجوڑ کر بیٹھ گئے۔ گزشتہ روز پی آئی اے کے ذرائع نے ”پاکستان“ کو بتایا ہے کہ پی آئی اے کے چیئرمین عرفان الہٰی نے استعفیٰ دے دیا ہے جو سیکرٹری بورڈ کے ذریعے وزیراعظم کو موصول ہوگیا ہے۔ نئے چیئرمین کی تعیناتی ایک یا دو روز میں متوقع ہے۔

اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ سیکرٹری ایوی ایشن بورڈ و چیئرمین پی آئی اے محمد عرفان الہٰی کا نام کارگومعاہدے میں شامل کرنے کی بات درست نہیں کیونکہ جب یہ معاہدہ ہوا تھا اس وقت عرفان الہٰی پی آئی اے کے چیئرمین نہیں تھے۔ اس ضمن میں ایسی کوئی تادیبی کارروائی نہیں ہوئی جس میں چیف فنانشل افسر یا ڈائریکٹر خرم مشتاق اور طارق خان نامی ڈی جی ایم کو معطل کیا گیا ہے۔

مزید براں عرفان الہٰی 30 اپریل 2018ءکو سیکرٹری ایوی ایشن کے عہدے سے ریٹائر ہوچکے ہیں اور بطور چیئرمین پی آئی اے بھی اپنا استعفیٰ پیش کردیا ہے کیونکہ وہ بالحاظ عہدہ بطور چیئرمین کام کررہے تھے اس حوالے سے عرفان الہٰی کا کہنا ہے کہ اگرچہ انہیں اس حوالے سے کسی قسم کی تحقیقات کا علم نہیں تاہم وہ تحقیقات کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر ہر ممکن تعاون بھی فراہم کریں گے۔