آپ کے فون پر موجود ان سگنل بارز کا دراصل مطلب کیا ہوتا ہے؟ اصل حقیقت ایسی جو آپ کو آج تک کسی نے نہیں بتائی
سڈنی(نیوز ڈیسک) موبائل فون کے سگنل منقطع یا کمزورہونا ہے ہماری جدید زندگی کے مسائل میں سے ایک مسئلہ بن چکا ہے۔ ہم اپنے موبائل فون کی سکرین کے اوپری حصے میں سگنل کی طاقت کو ظاہر کرنے والی پٹیوں سے دیکھ کر اندازہ لگانے کی کوشش کرتے رہتے ہیں کہ سگنل کتنے طاقتور یا کمزور ہیں۔ ٹیکنالوجی ماہر سٹیفن فینچ کہتے ہیں کہ ہمارے موبائل فون پر ظاہر ہونے والی یہ پٹیاں سگنل کی طاقت کو ظاہر نہیں کرتیں بلکہ یہ کسی حد تک یہ بتاتی ہیں کہ آپ قریب ترین سیل ٹاور سے کتنی دوری پر ہیں۔ اگرچہ کسی حد تک اس بات کا تعلق سگنل کی طاقت سے ہوسکتا ہے لیکن ضروری نہیں کہ پٹیوں کی زیادہ تعداد کا مطلب یہ بھی ہو کہ آپ کا موبائل فون زیادہ طاقتور سگنل وصول کررہا ہے۔
اسی طرح زیادہ پکسل کا مطلب بہتر تصویر خیال کیا جاتا ہے ۔ یہ خیال بہت ہی عام پایاجاتا ہے لیکن بدقسمتی سے یہ بھی درست نہیں ہے۔ ہم یہ سوچ کر زیادہ سے زیادہ پکسل کیمرے والا موبائل فون خریدتے ہیں کہ یہ بہترین تصویر بنائے گائے مگر سٹیفن فینچ کہتے ہیں کہ زیادہ میگا پکسل کا مطلب صرف یہ ہوتا ہے کہ لمبائی اور چوڑائی کے لحاظ سے بڑی تصویر بنے گی اور فائل کا سائز بڑا ہوگا۔ اس کا تصویر کی کوالٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ اچھی تصویر کا تعلق لینز کی کوالٹی، سینسر، لائٹنگ اور کیمرے کی کمپوزیشن سے ہوتا ہے۔