دوران پرواز مسافر نے ہوائی جہاز میں سب کے سامنے سگریٹ سلگا لیا اور پھر۔۔۔
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) دوران پرواز بعض نشے میں دھت مسافر گاہے ایسی حرکت کر ڈالتے ہیں کہ دوسروں کے ساتھ اپنی زندگی بھی داﺅ پر لگا دیتے ہیں۔ گزشتہ دنوں ایسا ہی واقعہ امریکہ میں ایک پرواز کے دوران دیکھنے میں آیا جب ایک مدہوش مسافر نے دوران سفر جیب سے سگریٹ نکال کر سلگا لیا حالانکہ فضائی سفر کے دوران سگریٹ پینا غیرقانونی ہے اور کسی بھی بڑے حادثے کا پیش خیمہ بن سکتا ہے۔
میل آن لائن کے مطابق اس شخص کی یہ حرکت دیکھ کر باقی مسافروں کے چہروں پر ہوائیاں اڑنے لگیں اور اسی قطار میں بیٹھے ایک اور مسافر نے میل فلائٹ اٹینڈنٹ کو بلا لیا جس نے آ کر اس شخص کے ہاتھ سے سگریٹ لے کر بجھایا اور اس سے سگریٹ اور لائٹر لے کراپنے ساتھ لے گیا۔ جہاز میں موجود ایک خاتون مسافر نے اس شخص کے سگریٹ سلگانے کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے اوربتایا ہے کہ یہ واقعہ منیسوٹا جانے والے ’سپرٹ‘ (Spirit)ایئرلائنز کی پرواز میں پیش آیا۔خاتون کے مطابق جہاز جب منیسوٹا میں لینڈ ہوا تو پولیس پہلے سے اس شخص کے انتظار میں تھی اور اسے گرفتار کرکے لے گئی۔