پاکستان میں تیل کی تلاش، کویت سے بڑا معاہدہ ہوگیا، پاکستانیوں کی امیدیں پھر سے جاگ گئیں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کیکڑا ون کنویں سے تیل نہ نکلنے کی بری خبر نے پاکستانیوں کو افسردہ کر دیا تھا لیکن اب اس حوالے سے کویت کی طرف سے ایک خوشخبری آ گئی ہے۔ جہاں دیگر کئی کمپنیاں پہلے ہی پاکستان میں تیل کی تلاش میں سرگرداں ہیں وہیں اب کویتی کمپنی ’کویت فارن پٹرولیم ایکسپلوریشن ‘ کی ذیلی کمپنی ’کیرتھر پاکستان‘ نے پاکستان کے ساتھ پٹرولیم کنسیشن کے معاہدے پر دستخط کر لیے ہیں اور ایکسپلوریشن لائسنس بھی حاصل کر لیا ہے۔
خلیج ٹائمز کے مطابق کمپنی اب مکھڈ سیکٹر میں تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش کرے گی۔ یہ سیکٹر ضلع میانوالی میں ہے اور 1560مربع کلومیٹر رقبے پر محیط ہے۔ اس معاہدے پر کویت فارن پٹرولیم ایکسپلوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نواف سعود النصر الصباح کا کہنا تھا کہ ”پاکستان اور کویت فارن پٹرولیم ایکسپلوریشن کے تعلقات بہت مضبوط ہیں۔ کمپنی 1987ءسے اب تک پاکستان میں 1ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہی ہے اور اس نئے معاہدے سے ہمارے باہمی تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔“